1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیر منصفانہ تجارت کا خاتمہ ضروری ہے، اپیک

عابد حسین
11 نومبر 2017

ایشیا پیسیفک اکنامک فورم کا دو روزہ سربراہ اجلاس آج ختم ہو گیا ہے۔ یہ سمٹ ویتنام کے تیسری بڑے اور ساحلی شہر دانانگ میں منعقد ہوئی۔

https://p.dw.com/p/2nSBO
Vietnam Apec-Gipfel
تصویر: picture-alliance/dpa/TASS/M. Klimentyev

اپیک سمٹ کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اقوام عام غیر منصفانہ تجارت سے اجتناب کرتے ہوئے اس کی حوصلہ شکنی کریں۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کاروباری منڈیوں میں خرابی کا باعث بننے والی غیرضروری مگر خصوصی رعایتوں کے سلسلے کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ یہ امر اہم ہے کہ اپیک سمٹ کے اختتامی اعلامیے میں اس سے قبل ان دو امور پر کبھی زور نہیں دیا گیا تھا۔

ٹرمپ کا دورہ چين: شمالی کوريا اور تجارتی امور اہم

اپیک اجلاس، اوباما کی آخری انٹرنیشنل سمٹ میں شرکت

ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کا سربراہ اجلاس ختم

ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کی سالانہ سمٹ

اس بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ تمام رکن ممالک باہمی اشتراک اور رابطوں کے ساتھ تجارتی عمل کو وسیع تر بنانے کے لیے عملی طور پر کام کریں گے۔ اسی طرح ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے بعض معاملات پر توجہ مرکوز  کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ اس عالمی ادارے کے مکالمت، نگرانی اور متنازعہ معاملات کے جلد حل کے لیے مثبت پیش رفت وقت کی ضرورت ہے۔

دانانگ سمٹ میں لیڈران نے خاص طور پر دو طرفہ تجارت پر بھی غور و خوص کیا۔ گزشتہ برس کی سمٹ میں اس تناظر میں کوئی بات نہیں کی گئی تھی۔ سمٹ کے اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ لیڈران متفق ہیں کہ علاقائی، کثیر الملکی اور دو طرفہ تجارت کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے اس میں بھی بہتری پیدا کی جائے گی۔

Vietnam Apec-Gipfel
ایشیا پیسیفک اکنامک فورم سمٹ ویتنام کے تیسری بڑے اور ساحلی شہر دانانگ میں منعقد ہوئیتصویر: picture-alliance/empics/The Canadian Press/M. Tsikas

اپیک سمٹ میں چین اور امریکی صدور کے موقف میں واضح فرق دیکھا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں پرزور انداز میں کہا تھا کہ اُن کا ملک امریکا کسی بھی ایسے تجارتی معاہدے سے باہر رہے گا جس سے امریکی خودمختاری پر حرف آنے کا امکان ہو۔

دوسری جانب چینی صدر شی جِن پِنگ نے جواباً کہا ہے کہ عالمگیریت کے رجحان کا رخ موڑا نہیں جا سکتا اور اقوام عالم کو اس کے اندر مزید توازن  اور وسعت پیدا کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ چینی صدر نے سمٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا اور بحر الکاہل کی اقوام کو اپنی کثیرالجہتی حیثیت کو برقرار رکھنا ہو گا۔

Vietnam Apec-Gipfel US-Präsident Donald Trump und Wladimir Putin
اپیک سمٹ کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اپنے روسی ہم منصب پوٹن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP/J. Silva

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مشرق بعید کے پانچ ملکوں کا دورہ بھی اختتامی منزل پر پہنچ رہا ہے۔ اپیک سمٹ میں شرکت کے بعد وہ فلپائن جائیں گے۔ فلپائن میں ٹرمپ جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی تنظیم آسیان کے سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ دو روزہ اکتیسویں آسیان سمٹ پیر تیرہ نومبر سے فلپائنی دارالحکومت منیلا میں شروع ہو گی۔

اپیک کے رکن ملکوں کی تعداد اکیس ہے۔ اگلے برس یہ سمٹ پاپوا نیوگنی میں ہو گی۔