1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق سے امریکی افواج کا انخلاء اور آئندہ تعلقات کی نوعیت

13 دسمبر 2011

ماہرین کا کہنا ہے کہ عراق سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد بھی بغداد اور واشنگٹن کے تعلقات مضبوط رہیں گے مگر ایران جیسے ہمسایہ ممالک وہاں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششیں کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13RkG
تصویر: AP

رواں برس کے اختتام تک چند تربیت کاروں کے علاوہ تمام امریکی فوجی ملک چھوڑ دیں گے تاہم  عراق میں پھر بھی دنیا میں سب سے بڑا امریکی سفارت خانہ موجود رہے گا جس کے عملے کی تعداد 16 ہزار افراد پر مشتمل ہو گی۔

لندن کے اکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ میں عراق سے متعلق ایک تجزیہ کار علی الصفر نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ امریکہ اور عراق کے تعلقات کافی گرمجوش رہیں گے۔

انہوں نے کہا، ’’عراقی عوام اس بات کو سمجھتے ہیں کہ انہیں اپنے ملک میں امریکی  کمپنیوں کی ضرورت ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل میں بھی اہم تجارتی تعلق موجود رہے گا۔‘‘

Symbolbild Iran Saudi Arabien
امریکی افواج کے انخلاء کے بعد ایران اور سعودی عرب عراق میں اثر و رسوخ بڑھانے کی جدوجہد کر سکتے ہیںتصویر: DW Montage

واشنگٹن کے سفارت خانے کی اتھارٹی کے تحت چلنے والے دفتر برائے سلامتی تعاون عراق میں 157 امریکی اہلکار اور 763 سویلین کنٹریکٹرز موجود ہیں جو عراقی فورسز کو اس اسلحے کے استعمال کی تربیت دیں گے جو بغداد امریکہ سے خریدے گا۔

اس کے علاوہ عراق آئندہ چند برسوں میں اپنی تیل کی پیداوار میں پانچ گنا اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

علی الصفر کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کے انخلاء کے بعد امریکہ کا عراق پر اثر و رسوخ کم ہو جائے گا اور خطے کے اہم ممالک یعنی ایران اور سعودی عرب اس پر اثر انداز ہونے کی کوششیں کریں گے۔

تاہم انہوں نے مزید کہا، ’’عراق کی تاریخ سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے کبھی بھی بیرونی دباؤ یا اثر و رسوخ کو برداشت نہیں کیا اور یوں وہ خطے میں کسی دیگر ملک کا آلہ کار نہیں بنے گا۔‘‘

تاہم ان کے بقول اگر ملک میں ایک بار پھر فرقہ واریت کے شعلے بھڑک اٹھے تو اس سے علاقائی طاقتوں کو ملک میں دخل اندازی کا موقع مل جائے گا۔

Ölraffinerie im Irak
عراق آئندہ چند برسوں میں اپنی تیل کی پیداوار میں پانچ گنا اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہےتصویر: AP

برسلز میں قائم انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر جوس ہلٹر مین نے کہا کہ امریکہ اور عراق کے درمیان تعلقات ’کم از کم کچھ عرصے کے لیے‘ اسی حالت میں رہیں گے۔

انہوں نے کہا، ’’سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب عراق کا امریکہ سے لین دین ایک مقبوضہ ملک کی بجائے شراکت دار کا ہو گا اور وہ ایسی شرائط پر بات چیت کرے گا جو اس کے لیے بھی مفید ہوں۔ چونکہ امریکہ کو ایران کے خلاف عراق کی ضرورت ہے، لہٰذا وہ ان شرائط پر نرم انداز میں غور کرے گا۔‘‘

جوس ہلٹر مین نے کہا کہ ترکی بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے ملک میں کافی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

برطانیہ کی نجی سکیورٹی فرم اے کے ای سے وابستہ ایک تجزیہ کار جون ڈریک کے مطابق امریکہ عراق کے باہمی تعلقات کا انحصار عراق کے اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات پر بھی ہے۔ ’’اگر عراق، ایران جیسے امریکہ مخالف ملکوں کے نزدیک چلا گیا تو اس سے یہ تعلقات متاثر بھی ہو سکتے ہیں۔‘‘

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں