1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق: ستمبر تک بارہ ہزار امریکی افواج کا انحلاء ہوجائے گا

8 مارچ 2009

امریکہ چھ ماہ کے اندر بارہ ہزار امریکی افواج کو عراق سے واپس بلا لے گا جب کہ اسی عرصے میں عراق سے چار ہزار برطانوی فوجی بھی بلا لیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/H7ur
عراق میں اس وقت امریکی افواج کی تعداد ایک لاکھ چالیس ہزار کے قریب ہےتصویر: AP

امریکی افواج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق سے امریکی افواج کے انخلاء کے بارے میں امریکی صدر باراک اوباما کے اعلان کے بعد اس پر عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے اور ستمبر تک امریکی بریگیڈس کی تعداد چودہ سے کم کرکے بارہ کردی جائے گی۔

Barack Obama Nahost-Reise Irak
صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران اوباما عراق گئے تھے ۔ مہم کے دوران انہوں نے عراق سے امریکی فوجیں بلانے کا بار بار وعدہ کیا تھاتصویر: AP


واضح رہے کہ عراق میں اس وقت امریکی افواج کی تعداد ایک لاکھ چالیس ہزار کے قریب ہے۔ امریکی صدر اوباما کے اعلان کے مطابق اکتیس اگست دو ہزار دس تک عراق سے امریکی افواج کے ایک بڑے حصّے کو واپس بلا لیا جائے گا اور عراقی سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لیے سن دو ہزار گیارہ تک صرف پینتیس سے پچاس ہزار امریکی فوجی عراق میں موجود رہیں گے۔

US-Präsident George W. Bush bei den Truppen in Irak
سابق امریکی صدر جارج بش عراق میں امریکی افواج کے ساتھتصویر: AP


امریکی صدر اوباما کی حکمتِ عملی کے مطابق عراق سے نکالی جانے والی فوج افغانستان میں فوجیوں کی تعداد میں اضافے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ گزشتہ ہفتے اوباما نے طالبان عسکریت پسندوں سے نمٹنے کے لیے مزید سترہ ہزار امریکی فوجی افغانستان روانہ کیے تھے۔

سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے عہدِ صدارت میں عراق کے ساتھ کیے گئے ایک معاہدے کی رو سے امریکی افواج دو ہزار گیارہ تک عراق میں رہ سکتی ہیں۔

سن دو ہزار تین میں کیے گئے عراق پر حملے کے بعد سے وہاں ہزاروں کی تعداد میں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ساڑھے چار ہزار غیر ملکی فوجی بھی ہیں۔