1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عبوری پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کون؟

شمشیر حیدر
29 جولائی 2017

پاکستان کی قومی اسمبلی نے مسلم لیگ نون کے نامزد کردہ امیدوار شاہد خاقان عباسی کو بھاری اکثریت سے نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2hMHM
Pakistan Jhang - Shahid Khaqan Abbasi im Interview mit Reuters
تصویر: Reuters/D. Jorgic

انتیس جولائی بروز ہفتہ کو مسلم لیگ نون کے پارلیمانی دھڑے کے ایک اجلاس کے دوران نواز شریف نے اپنے سیاسی جانشین کے طور پر اپنے چھوٹے بھائی اور صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کو نامزد کیا تھا۔ قومی اسمبلی کا رکن نہ ہونے کے باعث مسلم لیگ نون انہیں فوری طور پر وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد نہیں کر سکتی۔ اسی وجہ سے ان کے رکن پارلیمان بننے تک کے عبوری دور کے لیے شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

سن 1958 میں پیدا ہونے والے شاہد خاقان عباسی کا تعلق حکمران جماعت مسلم لیگ نون سے ہے اور وہ نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ’پِلڈاٹ‘ کی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی کے گورڈن کالج سے حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینیئرنگ میں گریجویشن کی۔ عباسی نے امریکا ہی کی جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے انجینیئرنگ میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔ اسی کی دہائی میں وہ امریکا میں ملازمت کرتے رہے تھے۔

نواز شریف کے دوسرے دور اقتدار کے دوران شاہد خاقان عباسی سن 1997 میں پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ سن 1999 میں جب جنرل پرویز مشرف نے نواز شریف حکومت کا تختہ الٹا، تو عباسی کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

عباسی پر بطور چیئرمین پی آئی اے کرپشن کے الزامات بھی لگائے گئے تھے تاہم سن 2008 میں ایک مقامی عدالت نے ثبوت نہ ہونے کی بنا پر انہیں ان الزامات سے بری کر دیا تھا۔

عباسی نجی ایئرلائن ’ایئر بلیو‘ کے سی ای او کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نواز شریف کی کابینہ میں اس سال 28 جولائی تک پٹرولیم اور قدرتی وسائل کی وزارت کا قلمدان سنبھالے ہوئے تھے۔ تقریباﹰ 58 سالہ عباسی نے اپنے سیاسی کیریئر کا باقاعدہ آغاز اپنے والد خاقان عباسی کی وفات کے بعد کیا تھا۔ ان کے والد پاکستانی قومی اسمبلی کا رکن ہونے کے علاوہ وفاقی وزیر برائے پیدوار بھی تھے۔

پاکستان میں نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

عباسی اب تک چھ مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔ عباسی پہلی مرتبہ سن 1988 میں انتخابات جیت کر قومی اسمبلی کے رکن بنے تھے۔ سن 1990 کے عام انتخابات میں بھی وہ قومی اسمبلی کے رکن بننے میں کامیاب رہے تھے اور انہیں دفاعی امور کا پارلیمانی سیکرٹری بنایا گیا تھا۔

1988ء سے لے کر 1997 تک مسلسل منتخب ہونے والے عباسی پہلی مرتبہ سن 2002 کے عام انتخابات میں راولپنڈی کے حلقہ این اے پچاس سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے میں ناکام رہے۔ تاہم سن 2008 میں انہوں نے دوبارہ اس حلقے سے انتخابات جیت لیا۔

سن 2013 کے عام انتخابات میں تحصیل مری کی اسی نشست سے انہوں نے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو بھاری فرق سے شکست دی تھی۔ رکن اسمبلی بننے کے بعد انہیں نواز شریف کی کابینہ میں شامل کر لیا گیا تھا۔

پیٹرولیم بحران حکومت کے خلاف ’گہری سازش‘ ہے، اسحاق ڈار