1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ مقابلے: جنوبی افریقہ کی جیت

25 فروری 2011

عالمی کپ کرکٹ سن 2011ء کے سلسلے میں کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/10P9L
جنوبی افریقہ کے کپتان سمتھتصویر: AP

ویسٹ انڈیز نے 47.3 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقہ نے یہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر42.5 اوورز میں ہی عبور کر لیا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے عالمی کپ کے اس ساتویں میچ میں اہم بات جنوبی افریقی بلے باز ابراہم بی ڈویلئیرز کی سنچری رہی۔ انہوں نے 107 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ نے جب 223 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر ہاشم آملہ چودہ جبکہ ژاک کیلس چار کے انفردی سکور پر جلد ہی آؤٹ ہو گئے لیکن کپتان گریم سمتھ اور اے بی ڈویلئیرز نے جنوبی افریقہ کو سہارا دیا۔ سمتھ چوالیس کے انفردی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

Westindische Inseln Sport Cricket Chris Gayle
ویسٹ انڈیز کےسابق کپتان کرس گیلتصویر: AP

ڈویلئیزنے دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سےایک روزہ میچوں میں اپنی دسویں سنچری مکمل کی۔ ڈویلئیرز اور سمتھ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 119 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے بین، پولراڈ اور Roach نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ کے کپتان سمتھ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آف سپنریوہان بوتھا نے نئی بول سے پہلا اوور کیا اور تیسری گیند پر ہی ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور خطرناک بلے باز کرس گیل کو آوٹ کر دیا۔ ون ڈاؤن بلے باز ڈیرن مائیکل براوو نے اچھا کھیل پیش۔ لارا کے انداز میں کھیلنے والے براوو نے تہتر رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیزکی طرف سے دیگر نمایاں بلے بازوں میں ڈی ایس سمتھ نے چھتیس، چندر پال نےاکتیس جبکہ ڈی جے براوو نے چالیس رنز بنائے۔

اس میچ کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ سپنر طاہرعمران نے پہلی مرتبہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار بولنگ کی اور چار وکٹیں اپنے نام کیں۔ لاہور میں پیدا ہونے والے اکتیس سالہ عمران نے دس اوورز میں اکتالیس رنز دیے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیل سٹین نے تین جبکہ بوتھا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

عالمی کپ مقابلوں کے سلسلے میں آج دو میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ گروپ اے میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش اور آئر لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں