صومالی قزاقوں نے مزید چار جہاز اغوا کرلئے، امریکی بحری جہاز پر بھی حملہ
15 اپریل 2009قزاقوں نے ایک امریکی کارگو بحری جہاز پر بھی حملہ کیا اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کےعلاوہ اس پر راکٹ بھی داغے۔ امریکی بحری جہاز لبرٹی سن کے مالک کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جہاز کو معمولی نقصان پہنچا ہے تاہم یہ جہاز قزاقوں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس بحری جہاز کے عملے نے امریکی بحریہ سے مدد کی درخواست بھی کی ہے، جس کے بعد ان کی مدد کے لئے امریکی بحریہ کی جانب سے مدد روانہ کردی گئی ہے۔
امریکہ اور فرانس کی جانب سے اپنے پانچ ساتھیوں کی ہلاکت پر صومالی قزاقوں نے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا، جن میں سے تین امریکی بحری جہاز کے کپتان کو چھڑانے کی کوشش میں مارے گئے تھے۔
قزاقوں کی جانب سے حالیہ قبضے میں لئے جانے والے بحری جہازوں میں لبنان کا کارگو جہاز ایم وی سی ہارس، یونانی تجارتی جہاز ایم وی آئرین ای ایم اور مصر کی مچھلیاں پکڑنے والی دو بحری کشتیاں شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت بھی سترہ بحری جہاز قزاقوں کے قبضے میں ہیں جن میں عملے کے ڈھائی سو سے زیادہ افراد موجود ہیں۔