1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صرف گوشت نہیں سبزیاں بھی کھائیے: طبی ماہرین

عاطف توقیر25 جنوری 2009

طبی ماہرین کے مطابق گوشت کا مسلسل استعمال کئی بیماریوں کا موجب بنتا ہے۔

https://p.dw.com/p/GGl2
ماہرین کے خیال میں گوشت کو فریز کرنے سے پہلے اچھی طرح دھو لینا بھی کئی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ہوتا ہےتصویر: AP

پاکستان میں آغا خان یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر صائمہ حسین نے ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پرمعدے کے امراض کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر، اسہال، پیچش، گردوں میں درد اور جگر کی سوزش کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

ڈاکٹر صائمہ حسین کے مطابق اعتدال میں رہ کر اور اچھی طرح سے پکائے ہوئے گوشت کا استعمال بیماریوں سے قدرے محفوظ رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ درجہ حرارت پر پکائے گئے کھانے بیکٹیریا اور دوسرے جراثیموں سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ گوشت کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور دالوں کا استعمال یکسر ترک نہیں کر دینا چاہئے۔

ڈاکٹرصائمہ حسین نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر پیچش، قے، معدے میں تیزابیت، جوڑوں میں درد اور گردے میں درد کے مریضوں میں اضافے کی ایک وجہ معدے میں گوشت کی زیادہ مقدار اور پوری طرح سے نہ گلا ہوا گوشت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کے زیادہ استعمال کے دنوں میں زیادہ پانی پینا بھی بہت سے امراض سے بچا لیتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈوئچے ویلے کے ساتھ انٹرویو میں ڈاکٹر صائمہ حسین نے کہا کہ عام طور پر گھروں میں جن چھریوں یا چاقوؤں سے گوشت کاٹا جاتا ہے ان کوسبزی یا فروٹ کاٹنے سے پہلے ابلتے ہوئے پانی سے دھونا ضروری ہوتا ہے۔ اگر ایسا نہ کیا جائے تو بہت سے جراثیم کچی سبزیوں اور پھلوں میں منتقل ہو جاتے ہیں جن سے ہیضہ جیسے مرض لاحق ہونے کا ڈر ہوتا ہے۔