1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر صالح اقتدار اپنے نائب کو منتقل کریں، یمنی اپوزیشن

3 اپریل 2011

یمن کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے صدر علی عبداللہ صالح سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقتدار اپنے نائب کو منتقل کریں اور تین دہائیوں پر محیط اپنے اقتدار کے خاتمے کا اعلان کریں۔

https://p.dw.com/p/10mbW
تصویر: AP

یمن میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ فورم کی جانب سے ’’اقتدار کی پرامن اور محفوظ منتقلی کے خاکے‘‘ کے نام سے جاری کردہ بیان میں صدر علی عبداللہ صالح سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔

ملک بھر میں صدر صالح کے خلاف ہونے والے زبردست مظاہروں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کوئی واضح اور باقاعدہ مطالبہ سامنے آیا ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ صدر مستعفی ہو کر اقتدار اپنے نائب منصور ہادی کے سپرد کریں۔

Proteste in Jemen
یمن میں رواں برس جنوری میں مظاہروں کا آغاز ہوا تھاتصویر: dapd

جنوبی صوبے آبیان سے تعلق رکھنے والے منصور ہادی صدر صالح کی جماعت جنرل پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ منصور ہادی عبوری صدر کی ذمہ داریاں سنبھال کر اپوزیشن کارکنان کے خلاف فورسز کی کارروائیوں کی روک تھام کریں۔ منصور ہادی صدر صالح کے بعد ملک کے سب سے مقتدر شخص سمجھے جاتے ہیں۔

یمن میں رواں برس جنوری میں مظاہروں کا آغاز ہوا تھا اور وہاں اب تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے طرف سے جاری کردہ اس مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے، ’معاہدہ عبوری صدر کے ساتھ عوامی رائے کے مطابق کیا جائے گا، جس میں یہ طے ہو گا کہ اقتدار کی منتقلی کے عرصے میں انہیں کس قسم کے اختیارات حاصل ہوں گے۔‘

اپوزیشن کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ملک میں فوری طور پر قومی حکومت قائم کی جائے، جس کی قیادت اپوزیشن کرے، جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس میں شامل کیا جائے۔ اپوزیشن جماعتوں کے ان مطالبات کے جواب میں فی الحال صدر عبداللہ صالح کی طرف سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں