1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صحت سے متعلق چند تازہ ترین اطلاعات

صائمہ حیدر10 جون 2016

عالمی ادارہ صحت نے زکا وائرس کے علاقوں کی رہائشی خواتین کو زچگی مؤخر کرنے کی صلاح دی ہے۔ امریکہ میں اسہال کے علاج کی تجرباتی دوا کے استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کولمبیا میں کینسر کی دوا سستی کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1J4Ll
Brasilien - Forschung Zika Virus - Elektronenmikroskop
عالمی ادارہ صحت نے زکا وائرس کی جنسی منتقلی کی روک تھام پر زور دیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Cynthia Goldsmith/Centers for Disease Control and Prevention

زکا وائرس ، خواتین حاملہ ہونے کو مؤخر کریں

عالمی ادارہ صحت نے مشورہ دیا ہے کہ زکا وائرس کی منتقلی والے علاقوں میں رہنے والی خواتین حاملہ ہونے سے پرہیز کریں۔ یہ مشورہ پہلے ہی اس وائرس سے بڑے پیمانے پر متاثرہ ممالک کی جانب سے اپنی شہری خواتین کودیا جا چکا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ صلاح گزشتہ ہفتے جاری کی گئی تھی لیکن اس کا مفہوم گزشتہ روز واضح ہوا جب ادارہ صحت نے اس وائرس کی جنسی منتقلی کی روک تھام کے حوالے سے ایک تصحیح جاری کی۔

اسہال کی تجرباتی دوا کی منظوری

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ کے ایک مشاورتی پینل کے مطابق ادویہ بنانے والی کمپنی ’مرک اینڈ کو‘ کی تجرباتی دوا کو استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ دوا ہسپتالوں میں لگنے والی اسہال کی متعدی بیماری کے علاج کے لیے تیار کی گئی ہے۔ پینل میں شامل دس میں سے پانچ افراد نے اس بات کے حق میں ووٹ دیے کہ ’بیزلوٹوکسم اب‘ نامی یہ دوا بار بارہونے والی اسہال کی بیماری کے علاج میں موثر ثابت ہوئی ہے۔ جب کہ پینل کے ایک رکن نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ یہ دوا اس جرثومے کے خلاف کام کرتی ہے جو بڑی آنت کی سوزش کا سبب بنتا ہے اور جس سے ممکنہ طور پر شدید نوعیت کا اسہال ہو سکتا ہے۔

آئی سی یو میں زیادہ دن رہنے والے زخمی مریض پریشان نہ ہوں

ایک نئی تحقیق کے مطابق ایسے مریضوں کے بچاؤ کے امکانات کم نہیں ہوتے جو چوٹ لگنے یا زخم آنے سے ایک ماہ سے زائد عرصے تک انتہائی نگہداشت میں رکھے جاتے ہیں۔ محقیقن کے کہنا ہے کہ انتہائی نگہداشت میں رکھے جانے والے 85 فیصد سے زائد شدید زخمی مریض، جنہیں 40 دن یا اس زیادہ آئی سی یو میں رکھا گیا تھا، صحت یاب ہوئے۔ محققین کی رائے میں یہ تناسب اس سے کہیں زیادہ تھا جس کی وہ امید کر رہے تھے۔

Flash-Galerie Libyen Nalut
انتہائی نگہداشت میں رکھے جانے والے 85 فیصد سے زائد شدید زخمی مریض صحتیاب ہوئےتصویر: Gaia Anderson

کولمبیا ، کینسر کی دوا سستی ہو گی

کولمبیا کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بین الاقوامی دوا ساز کمپنی نوارٹس کی کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا ’ اماتی نیب ‘ کی ایک بولی کے ذریعے نئی قیمت متعارف کرائے گی۔ یہ فیصلہ کولمبین حکومت اور سوئٹزر لینڈ کی دوا ساز کمپنی نوارٹس کے مابین دوا کی قیمت پر مذاکرات کی ناکامی کے بعد کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سےایک نام نہاد عوامی مفاد پر جاری اعلامیہ ’ اماتی نیب ‘ پر صحت کے معاملات دیکھنے والے منتظمین کو اس معاملے کی جان پڑتال کرنے اور دوا کی ایک نئی کم قیمت مقرر کرنے کا مجاز بنائے گا۔

امریکی سرکاری ادارے کو ایف ڈی اے سے شکایت

ایک امریکی سرکاری نگران ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن یا ایف ڈی اے، کمپنیوں کو ناقص کھانے کی اشیا کے قابل استعمال نہ رہنے کے بعد ان کی منسوخی کے معاملے پر سست روی سے کام لے رہی ہے۔ ناقص خوراک لوگوں کو بیماری اور موت کے خطرے سے دو چار کر رہی ہے۔ یہ بات نگران ادارے نے فوڈ سیفٹی پروگرام کے ایک جائزے میں بیان کی ہے۔

ہیلتھ اور ہیومن سروس کے محکمے نے سن 2012 سے سن 2015 کے درمیان ہوئی تیس منسوخیوں کا جائزہ لیا ہے ان میں وہ دو بھی شامل ہیں جن میں متعلقہ کمپنیوں نے ایف ڈی اے کے علم میں آنے کے بالترتیب 165 اور 81 دن تک ان کھانے پینے کی اشیا کے استعمال کی تاریخ گزرنے کے باوجود ٹھکانے نہیں لگایا تھا۔ یہ رپورٹ امریکی سرکاری نگران ادارے نے بدھ کے روز شائع کی تھی۔

بیرونی فضائی آلودگی معیشت کے لیے خطرہ

اقتصادی تعاون و ترقی کے ادارے نے جمعرات کو شائع ہوئی اپنی ایک رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بیرونی فضائی آلودگی کی روک تھام کے لیے اقدام نہ کیے گئے تو یہ چھ سے نو ملین اموات کا سبب بن سکتی ہے اور سن 2060 تک اس سے ہونے والا معاشی نقصان ہر سال 2.6 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔

حاملہ خواتین چرس اور تمباکو نوشی سے پرہیز کریں

ایک حالیہ امریکی جائزے کے مطابق حمل کے دوران چرس اور تمباکو نوشی دونوں کے استعمال سے خواتین کی صحت کو لاحق ہونے والے خطرات صرف سگریٹ نوشی سے ہونے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس مطالعے کی مصنفہ داکٹڑ ڈیانا راکوسن نے روئٹرز کو بھیجی جانے والی ایک ای میل میں بتایا ہے کہ وہ خواتین جو دوران حمل چرس اور تمباکو دونوں کا استعمال کرتی ہیں، ان میں بچوں کی جسامت نہ بڑھنے، دمے اور ہائی بلڈ پریشر کی شکایات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جعلی دوائیں بنانے والی ویب سائٹس معطل

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ انہوں نے عالمی ارباب اختیار کے ساتھ مل کر رسمی طور پر ایسی 4،402 ویب سائٹس کو معطل کرنے کی کوشش کی ہے جو ممکنہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جعلی، صحت کے لیے نقصان دہ اور غیر منظور شدہ ادویات فروخت کرتے ہیں۔ یہ اقدام اس عالمی کوشش کا حصہ ہے جو دنیا کی سب سے بڑی پولیس آرگنائزیشن ’انٹر پول‘ کی قیادت میں اٹھایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ادویات کے غیر قانونی بنانے والوں اور تقسیم کاروں کی شناخت کرنا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید