1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شیعہ اقلیت اور مردم شماری عملے کو نشانہ بنایا: جماعت الاحرار

علی کیفی Reuters, AP
25 اپریل 2017

شمالی پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں ایک مسافر مِنی وَین سڑک کنارے نصب ایک بم کے دھماکے سے تباہ ہو گئی۔ اس واقعے میں چھ بچوں سمیت دَس افراد ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/2bqe2
Pakistan Bombenanschlag Parachinar
پارا چنار کے ایک بازار میں ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد کا منظر (فائل فوٹو)تصویر: picture-alliance/dpa/J, Absullah

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے باتیں کرتے ہوئے پارا چنار میں قبائلی انتظامیہ کے ایک سرکاری عہدیدار عارف خان نے بتایا کہ یہ مِنی وَین افغانستان کے ساتھ ملنے والے قبائلی علاقے کرم میں شیعہ علاقے سے گزر رہی تھی کہ ریموٹ کنٹرول کی مدد سے کیے جانے والے بم دھماکے کی زَد میں آ کر تباہ ہو گئی۔

مختلف خبر رساں ادارے مرنے والوں کی تعداد آٹھ سے لے کر دس تک بتا رہے ہیں۔ وفاقی کے زیر انتظام علاقوں (فاٹا) میں کرم ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شاہد علی خان نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ’دس افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے‘۔

Pakistan Anschläge auf Basar
پارا چنار میں پہلے بھی کئی دفعہ پُر تشدد کارروائیوں میں لوگ ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں (فائل فوٹو)تصویر: picture-alliance/AP

عارف خان نے یہ بھی بتایا کہ اس دھماکے کے باعث تیرہ افراد زخمی بھی ہو گئے، جنہیں ایک قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق ایک ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر پارا چنار بھیجا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو وہاں سے پشاور منتقل کیا جا سکے۔

یہ مسافر وَین گودر سے سدّہ جا رہی تھی۔ زخمیوں میں مردم شماری کے عمل سے وابستہ دو ارکان بھی شامل ہیں۔ اس سے پہلے بھی مردم شماری کرنے والے عملے کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ واضح رہے کہ منگل پچیس اپریل سے ملک بھر میں مردم شماری کا حتمی مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔

جماعت الاحرار نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں شیعہ اقلیت اور مردم شماری کرنے والے عملے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ علاقہ ایک عرصے سے فرقہ ورانہ کشیدگی اور پُر تشدد کارروائیوں کی زَد میں چلا آ رہا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستانی طالبان اور دیگر سنّی عسکریت پسند اکثر شیعہ اقلیت کے ارکان کو، جنہیں وہ کافر گردانتے ہیں، اِس طرح کی پُر تشدد کارروائیوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے مسلمان عسکریت پسندوں کے خلاف برسرِپیکار ہے۔