1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمعون پیریز کا انتقال، ’ایک روشنی گُل ہو گئی‘، اوباما

28 ستمبر 2016

سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان پر دو ہفتے قبل فالج کا حملہ ہوا تھا۔ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے پیریز 2007ء سے 2014ء تک اسرائیلی صدر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/2Qg6u
Davos Shimon Peres, President of Israel, at the Annual Meeting 2009 of the World Economic Forum in Switzerland
تصویر: picture-alliance/CPA Media Co. Ltd

شمعون پیریز دو مرتبہ ملکی وزیراعظم بھی رہے۔ ان کا تعلق اسرائیلیوں کی اُس نسل سے تھا، جس نے اس یہودی ریاست کی بنیاد رکھی تھی۔ پیریز کو بطور اسرائیلی وزیر خارجہ 1994ء میں اُس وقت کے اسرائیلی وزیر اعظم اسحاق رابین اور فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے ساتھ مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا تھا۔ یہ انعام فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدوں پر دیا گیا تھا۔

سابق اسرائیلی صدر اور وزیر اعظم پیریز کے انتقال پر عالمی رہنماؤں کی طرف سے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے، ’’ایک روشنی ہمیشہ کے لیے گُل ہو گئی مگر جو امید انہوں نے ہمیں دی، وہ ہمیشہ قائم رہے گی۔ شمعون پیریز اسرائیل، یہودی لوگوں، انصاف اور امن کے لیے ایک فوجی تھے۔‘‘

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے تعزیتی پیغام کے مطابق، ’’وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ ہر دلعزیز سابق صدر شمعون پیریز کے انتقال پر گہرے ذاتی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم آج کابینہ کے ایک تعزیتی اجلاس میں اس حوالے سے ایک خصوصی خطاب کریں گے۔‘‘

Norwegen Oslo Friedensnobelpreis für Arafat, Peres und Rabin
پیریز کو بطور اسرائیلی وزیر خارجہ 1994ء میں اُس وقت کے اسرائیلی وزیر اعظم اسحاق رابین اور فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے ساتھ مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/Photoshot

سابق امریکی صدر بِل کلنٹن کے مطابق، ’’شمعون پیریز کے انتقال سے، اسرائیل نے ایک ایسا رہنما کھو دیا ہے، جس نے اسرائیل کی پیدائش سے لے کر اپنی زندگی کے آخری دن تک اس کی سلامتی، ترقی اور اس کے لیے لامحدود امکانات کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے رکھا۔ مشرقی وُسطیٰ نے امن اور مصالحت اور ایک ایسے مستقبل کی پرجوش وکالت کرنے والے کو کھو دیا ہے، جہاں ابراہیم کی تمام اولاد مل کر ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کر سکیں۔ میں نے اور ہلیری نے ایک سچا اور انتہائی قیمتی دوست کھو دیا ہے۔‘‘

سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کی طرف سے سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کی وفات پر ان الفاظ میں افسوس کا اظہار کیا گیا ہے، ’’میں اُس سے کہیں زیادہ دُکھی ہوں، جس کا اظہار الفاظ میں کیا جا سکتا ہے۔ وہ ایک ایسا شخص تھا، جو سیاسی حوالے سے انتہائی بلند قامت تھا، ایک ایسا حکمران تھا، جسے موجودہ اور ہر دور کا ممتاز ترین رہنما قرار دیا جائے گا اور ایک ایسا شخص، جس سے میں انتہائی محبت کرتا تھا۔ وہ ایک انسپریشن، ایک ناصح اور ایک دوست تھے۔‘‘