1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’شمالی کوریا سے مذاکرات کا آغاز کیا جائے‘

29 دسمبر 2010

جنوبی کوریا کے صدر نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر بات چیت کرنے کے لئے دوبارہ چھ فریقی مذاکرات کے آغاز کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے لیے سفارتی طریقہ کار بھی اپنایا جائے۔

https://p.dw.com/p/zr4Z
جنوبی کوریا کے صدر لی میون بَکتصویر: AP

بدھ کے روز جنوبی کوریا کے صدر لی میون بَک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ جاری کشیدگی صرف فوجی پالیسی سےکم نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے جنوبی کوریا کے ایک متنازعہ جزیرے پر کئے جانے والے حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سخت کشیدگی اور تناؤ کی کیفیت ہے۔ کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے جنوبی کوریا کے صدر کی طرف سے یہ پہلا بیان سامنے آیا ہے۔ تاہم بین الااقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں کوریاؤں کے درمیان خلیج انتہائی گہری ہو چکی ہے اوراس بیان کے نتیجے میں کسی قسم کے مذاکرات کا آغاز ناممکن نظر آتا ہے۔

Sechs-Nationen-Gespräch über Ende des nordkoreanischen Atomwaffenprogramms
چین کا مؤقف رہا ہے کہ چھ فریقی مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرط کے شروع کئے جائیںتصویر: AP

ماضی میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر ہونے والے چھ فریقی مذاکرات میں شمالی اور جنوبی کوریا کے علاوہ امریکہ، چین، روس اور جاپان شامل رہے ہیں۔ شمالی کوریا کو ایٹمی پروگرام ترک کرنے کے عوض مراعات کی پیشکش اور سفارتی سطح پر اس کی اہمیت تسلیم کرنے کی بات کی جاتی رہی ہے۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ 2011ء میں چھ فریقی مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو سکتا ہے۔ چینی صدر ہوجن تاؤ 19 جنوری کو امریکہ کے دورے کے لئے واشنگٹن پہنچ رہے ہیں، جہاں امریکی حکومت ان کو شمالی کوریا کے حوالے سے اپنے خدشات سے آگاہ کرے گی۔ واشنگٹن حکومت اس سے قبل بھی چین کو اپنے اتحادی شمالی کوریا پر مذاکرات کے حوالے سے دباؤ ڈالنے کا کہہ چکی ہے، لیکن چین کا مؤقف رہا ہے کہ چھ فریقی مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرط کے شروع کئے جائیں۔

رواں برس 23 نومبر کو شمالی کوریا نے جنوبی کے جزیرے ییون پیانگ پر گولہ باری کی تھی، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد جنوبی کوریا نے اپنے اتحادی ملک امریکہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر جنگی مشقوں کا آغاز کیا تھا، جو کوریائی خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بنا۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں