1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوريا کا جوہری تجربات کی تنصيبات کے خاتمے کا اعلان

12 مئی 2018

شمالی کوريا نے اپنے جوہری تجربات کے ليے زير استعمال مقام اور وہاں موجود تنصيبات کو اس ماہ کے اواخر ميں منہدم کرنے کا اعلان کر ديا ہے۔ رياستی ميڈيا کے مطابق پيونگ يانگ اپنی جوہری سرگرمياں ترک کرنے کے عزم پر عمل پيرا ہے۔

https://p.dw.com/p/2xbEg
Nordkorea | Atomwaffen-Testgelände
تصویر: picture alliance/dpa/AP/Pleiades CNES/Airbus DS/38 North/Spot Image

شمالی کوريا نے اپنے متنازعہ جوہری تجربات کے ليے استعمال کی جانے والی تنصیبات کے خاتمے کا اعلان کر ديا ہے۔ یہ بات ہفتہ بارہ مئی کو پيونگ يانگ میں سرکاری ميڈيا نے بتائی۔ ان تنصیبات کو تئیس اور پچيس مئی کے درميانی عرصے میں منہدم کر دیا جائے گا۔ رياستی ميڈيا کے مطابق يہ اعلان اس امر کا ثبوت ہے کہ پيونگ يانگ اپنی متنازعہ جوہری سرگرمياں ترک کرنے کے عزم پر عمل پيرا ہے۔

شمالی کوريا کی جانب سے يہ اعلان ايک ايسے وقت پر سامنے آيا ہے جب امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل ہی اس امر کی تصديق کی تھی کہ ان کی شمالی کوريائی رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات بارہ جون کو سنگا پور ميں ہو گی۔ يہ کسی بھی برسر اقتدار امريکی صدر کی کسی شمالی کوريائی رہنما کی ساتھ پہلی ملاقات ہو گی۔ جزيرہ نما کوريا پر سالہا سال سے جاری کشيدگی ميں اس سال کے آغاز سے حيرت انگيز طور پر کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اپريل کے اواخر ميں شمالی اور جنوبی کوريائی رہنماؤں کی بھی ایک تاریخی ملاقات ہوئی تھی جب کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ اہلکاروں کی آئندہ چند دنوں ميں متعدد امور سے متعلق ملاقاتيں بھی متوقع ہيں۔

پيونگ يانگ کے اعلان کے مطابق امريکی اور جنوبی کوريائی صحافيوں کو جوہری تجربات کے ليے استعمال کی جانے والی تنصیبات کے خاتمے کی رپورٹنگ کی دعوت بھی دی جائے گی۔ سرکاری نیوز ایجنسی KCNA کے مطابق بين الاقوامی صحافيوں کو چينی دارالحکومت بيجنگ سے شمالی کوريا کے مشرقی حصے کے بندرگاہی شہر وونسان تک بذريعہ ہوائی جہاز پہنچايا جائے گا۔ بعد ازاں ان صحافیوں کو ايک خصوصی ٹرين کے ذريعے اس زير زمين مقام تک لے جايا جائے گا، جہاں ایٹمی تجربات کے لیے استعمال ہونے والی تنصیبات کو مہندم کیا جائے گا۔

شمالی کوريا کی نيوز ايجنسی کے مطابق ايٹمی تجربات کے ليے زير استعمال مقام پر موجود تمام سرنگوں، تحقيق کے ليے مختص دفاتر، عمارات، سکيورٹی پوسٹوں اور ديگر تنصيبات کو دھماکوں کی مدد سے ختم کر ديا جائے گا۔

ذرائع ابلاغ پر نشر کردہ رپورٹوں اور دستياب معلومات کے مطابق شمالی کوريا اب تک چھ جوہری تجربات کر چکا ہے۔ يہ سب ملک کے شمال مشرقی حصے ميں پنجی ری کے مقام پر منتپ نامی پہاڑ  کے نیچے زمين میں کيے گئے تھے، جہاں سرنگوں کا ايک پيچيدہ نظام موجود ہے۔ ماہرين کا کہنا ہے کہ اس تنصيبات کو منہدم کرنے کا عمل واقعی ايک بڑی پيش رفت ہو گا۔

ع س / م م، نيوز ايجنسياں