1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی وزیرستان میں نیا ڈرون حملہ، کم ازکم 18 ہلاک

27 دسمبر 2010

پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں کے مطابق افغانستان کے ساتھ سرحد کے قریب پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک نئے ڈرون حملے میں کم از کم اٹھارہ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/zqJJ
سال رواں کے دوران پاکستان میں سو سے زائد ڈرون حملےتصویر: AP

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور قبائلی علاقے میں میر علی نامی قصبے سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے ایک مبینہ امریکی جاسوس طیارے سے یہ حملے ایک موٹر گاڑی اور ایک عمارت کے احاطے پر کئے گئے۔

میر علی شمالی وزیرستان کا ایک مرکزی قصبہ ہے اور ڈرون طیارے سے کئے گئے میزائل حملے اسی قصبے اور اس کے نواح میں کئے گئے۔ یہ قصبہ اور اس کے ارد گرد کا علاقہ طالبان اور القاعدہ کے عسکریت پسندوں کا مرکز سمجھے جاتے ہیں۔

ایک خفیہ ادارے کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ ان حملوں کے دوران ایک چیک پوسٹ کے قریب ایک موٹر گاڑی پر تین میزائل فائر کئے گئے، جس کے نتیجے میں اس گاڑی میں سوار تمام چھ مشتبہ عسکریت پسند مارے گئے۔

Flash-Galerie Pakistan: Hakimullah Mehsud und Anhänger
ڈرون حملوں کا مقصد طالبان کے اہم رہنماؤں کو نشانہ بنانا ہوتا ہےتصویر: picture alliance/dpa

اس واقعے کے محض چند ہی منٹ بعد میر علی نامی قصبے کے نواحی گاؤں میر خان خیل کالے میں ایک مکان کے احاطے پر اسی ڈرون طیارے سے پانچ میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں ہدف بنائی گئی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور بعد میں موقع پر جمع ہونے والے افراد نے ملبے میں سے کم از کم بارہ افراد کی لاشیں نکالیں۔ اس حملے میں کئی دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

Pakistan Landschaft in Waziristan Luftaufnahme
وزیرستان کے قبائلی علاقے کا ایک فضائی منظرتصویر: Abdul Sabooh

امریکی افواج کی طرف سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کئے جانے والے ڈرون حملوں میں گزشتہ کچھ عرصے سے کافی تیزی آ چکی ہے۔ صرف 2010 کے دوران ایسے سو سے زائد حملوں میں اب تک 600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بہت سے مبینہ دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں اسی مہینے پاکستان قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بھی صرف 24 گھنٹوں کے دوران کئے جانے والے چار مختلف ڈرون حملوں میں مجموعی طور پر پچاس سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں کے مطابق ایسے ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں سے اکثریت مشتبہ طالبان باغیوں اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی ہوتی ہے تاہم ان دعووں کی غیر جانبدارانہ تصدیق اس لئے ممکن نہیں ہے کہ زیادہ تر پاکستانی قبائلی علاقوں میں پیشہ ور صحافیوں اور امدادی کارکنوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں