1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شلیسوگ ہولشٹائن میوزک فیسٹیول کا آغاز

11 جولائی 2011

شمالی جرمنی کے شہر لیوبیک میں 26 واں شلیسوگ ہولشٹائن میوزک فیسٹیول شروع ہو گیا ہے، جو اگست کے آخر تک جاری رہے گا۔

https://p.dw.com/p/11spF
تصویر: AP

مختصراﹰ SHMF کہلانے والے اور شمالی یورپ کے اس بہت مشہور میوزک فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر اتوار کو بین الاقوامی شہرت کے حامل فنکاروں نے بیتھوون اور چائیکوفسکی جیسے عظیم موسیقاروں کی تخلیقات کا مظاہرہ کیا۔

یورپی کلاسیکی موسیقی کے اس میلے کے دوران اگلے مہینے کے آخر تک شمالی جرمنی کے صوبے شلیسوگ ہولشٹائن اور اس کے ہمسایہ وفاقی جرمن صوبوں ہیمبرگ اور لوئر سیکسنی کے علاوہ جرمنی کے ہمسایہ ملک ڈنمارک کے چند شہروں سمیت کُل 44 مقامات پر 131 کنسرٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔

اس میلے کے دوران روایتی طور پر ہر مرتبہ ہولشٹائن کے قدیم قلعوں میں ویک اینڈ کنسرٹ بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس سال اس فیسٹیول کے موقع پر نوجوان شائقین اور کلاسیکی موسیقی کے دلدادہ بچوں کے لیے بھی دو علیٰحدہ میلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

Ludwig Van Beethoven, 16.06.2011, Tamta Jijavadze
بون شہر میں عظیم جرمن موسیقار بیتھوون کا ایک خاکہتصویر: DW

اس میلے کی افتتاحی تقریب میں روسی موسیقار سیمیون بچکوف نے ہیمبرگ میں NDR سمفنی آرکسٹرا کی قیادت کرتے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ اپنی سولو پرفارمنس کے ساتھ یونانی وائلن نواز لیونیڈاس کاواکوس نے بیتھوون کے واحد وائلن کنسرٹ کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے بے پناہ داد وصول کی۔

اس سال کلاسیکی موسیقی کے اس منفرد میلے کا خصوصی پارٹنر ملک ترکی ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے اسی میلے کی وجہ سے جرمنی کے انتہائی شمال میں واقع شلیسوگ ہولشٹائن کا وفاقی صوبہ پورے شمالی یورپ میں کلاسیکی موسیقی کے مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں