1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ششی کپور کو اعلٰی ترین پھالکے ایوارڈ دے دیا گیا

مقبول ملک10 مئی 2015

بالی وُد کے کپور خاندان سے تعلق رکھنے والے ماضی کے انتہائی کامیاب اداکار ششی کپور کو اتوار دس مئی کے روز بھارتی فلمی صنعت کا اعلٰی ترین اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دے دیا گیا۔ ششی کپور کی عمر اس وقت ستتر برس ہے۔

https://p.dw.com/p/1FNhu
ششی کپورتصویر: Getty Images/AFP/Strdel

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ششی کپور نے اپنے چار عشروں پر محیط فلمی کیریئر کے دوران 150 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان دنوں وہیل چیئر استعمال کرنے والے ششی کپور کو یہ اعزاز بھارت کے فلمی اور مالیاتی دارالحکومت ممبئی کے اسی پرتھوی تھیٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں دیا گیا، جس کی بنیاد انہوں نے 1978ء میں اپنی مرحومہ اہلیہ جینیفر کینڈل کے ساتھ مل کر رکھی تھی۔

بھارتی وزیر برائے اطلاعات اور براڈکاسٹنگ ارون جیٹلی نے انہیں یہ ایوارڈ دیتے ہوئے کہا، ’’ششی کپور کا شمار یقینی طور پر ان سب سے متنوع فنکار شخصیات میں ہوتا ہے، جو بھارتی سینما نے آج تک پیدا کی ہیں۔‘‘

ارون جیٹلی نے مزید کہا، ’’ششی کپور بلاشبہ انتہائی اعلٰی اور منفرد صلاحیتوں کے مالک فنکار ہیں، جنہوں نے بھارتی فلمی صنعت کے لیے کئی طرح کی فلمیں بنائیں یا ان میں ہدایت کار کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ ششی کپور نے ایک طرف اگر بھارتی سینما اور ہالی وُڈ کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوشش کی تو دوسری طرف انہوں نے تھیٹر کے لیے اپنی محبت میں بھی کبھی کمی نہ آنے دی۔‘‘

ششی کپور نے اداکار کے طور پر اپنی زندگی کی ابتداء چار سال کی عمر میں ان ڈراموں میں اداکاری کے ساتھ کی تھی، جن کے ہدایت کار اور پروڈیوسر ان کے والد ہوتے تھے۔ اس کے بعد 1940ء کے عشرے کے آخری برسوں میں انہوں نے فلموں میں ایک چائلڈ سٹار کے طور پر بھی کام کرنا شروع کر دیا تھا۔

Shammi Kapoor Schauspieler Indien
پرتھوی راج کپور کے بیٹے اور راج کپور اور ششی کپور کے بھائی شمی کپور جن کا دو ہزار گیارہ میں انتقال ہو گیا تھاتصویر: AP

ششی کپور 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں بالی وُڈ کے ایک انتہائی کامیاب اور مقبول اداکار رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی مشہور بین الاقوامی فلموں میں اپنی متاثر کن اداکاری کے ساتھ بھی بھارت کا نام بلند کیا۔

بین الاقوامی سطح پر تیار کی گئی ان کی ایسی فلموں میں سے 1972ء میں بننے والی ’سدھارتھ‘ اور مرچنٹ آئیوری پروڈکشنز کی 1965ء میں بننے والی ’شیکسپیئر والا‘ اور 1982ء میں بننے والی Heat and Dust جیسی فلمیں سب سے نمایاں ہیں۔

ششی کپور کا تعلق بھارت فلمی صنعت کے معروف ترین اداکاروں اور اداکاراؤں کے کپور خاندان سے ہے۔ جو داداصاحب پھالکے ایوارڈ آج ششی کپور کو دیا گیا، وہ ان سے پہلے ان کے والد پرتھوی راج کپور اور بڑے بھائی راج کپور کو بھی دیا گیا ہے۔ اس طرح ششی کپور کو ملنے والا یہ اعلٰی ترین ملکی اعزاز کپور خاندان کو ملنے والا تیسرا پھالکے ایوارڈ ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید