1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شرمیلی شاراپووا کی عام سی زندگی

عابد حسین19 جنوری 2015

روس کی ٹینس اسٹار ماریا شاراپووا سابقہ عالمی نمبر ایک ہیں۔ آج کل اُن کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن دوسری ہے۔ وہ گزشتہ دس برسوں سے مسلسل امیر ترین خاتون کھلاڑیوں کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EMYP
تصویر: Getty Images/Craig Barritt

ماریا شاراپووا دنیا بھر میں امیر ترین خاتون کھلاڑیوں میں اِس لیے بھی شمار ہوتی ہیں کہ وہ ایک طرف تو لاکھوں ڈالر مختلف ٹورنامنٹس میں شرکت سے حاصل کرتی ہیں تو دوسری جانب کئی اسپورٹس برانڈ کی تشہیر میں بھی شریک ہیں۔ اس اشتہاری مہم کا حصہ ہونے پر بھی انہیں کئی ملین ڈالرز ملتے ہیں۔ عالمی نمبر دو خاتون کھلاڑی اگر پیر، انیس جنوری سے شروع ہونے والے رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ، آسٹریلین اوپن کو جیت جاتی ہیں تو وہ عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر دوبارہ براجمان ہونے کا امکان رکھتی ہیں۔ آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں ماریا شاراپووا اپنا میچ جیت کر دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔

آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے روزنامے ’دی ایج‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ماریا شارا پووا کا کہنا تھا کہ تمام تر صورت حال کے باوجود وہ کوئی بہت ہی گلیمرس خاتون نہیں بلکہ ابتدا میں تو وہ بہت ہی زیادہ شرمیلی واقع ہوئی تھیں اور کئی معاملوں میں بہت زیادہ حوصلہ مند بھی نہیں تھیں۔ اپنی موجودہ شخصیت کے حوالے سے روسی ٹینس کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ قطعاً مشکل نہیں ہیں، بلکہ بہت ہی معمولی اشیاء پر مسرت حاصل کر لیتی ہیں۔ شاراپووا کے مطابق اُنہیں جیسے مرضی کوئی بیان کرے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ وہ ایک نارمل زندگی بسر کر رہی ہیں۔ ماریا شارا پووا کی سابقہ منگی ٹوٹ گئی تھی اور وہ آج کل بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے ٹینس کھلاڑی گریگوری دیمتروف کی پارٹنر ہیں۔

French Open Maria Sharapova
ماریا شاراپوواتصویر: picture-alliance/dpa

اپنے انٹرویو میں شاراپووا نے اِس پر شُکر ادا کیا کہ وہ کوئی متنازعہ انسان نہیں کہ کیمرہ مین مسلسل اُن کے تعاقب میں رہیں۔ عالمی نمبر دو ٹینس کھلاڑی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایک ایسے ملک میں رہتی ہیں جہاں اداکاروں ، گلوکاروں اور موسیقاروں کی جانب عوام زیادہ لپکتی ہے اور یہ اُن کے لیے بہت اچھا ہے کیونکہ وہ بازاروں میں کسی پریشانی کا شکار نہیں ہوتیں۔ اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر وہ خصوصی میک اپ پر بھی توجہ مرکوز نہیں کرتیں۔ عام زندگی میں شاراپووا مصوری اور تعمیرات سے خاص شغف رکھتی ہے۔ انہوں نے اپنے کیلیفورنیا کے ساحل مین ہٹن پر واقع گھر کو ایک پوائیویٹ آرٹ گیلری بنا رکھا ہے۔ اِس میں کئی اہم پینٹنگز جمع ہیں۔

اِس کے علاوہ شارا پووا نے خواتین کی بکنی کاسٹیوم کی ماڈلنگ کا عمل بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ دو سال قبل سن 2013 میں شاراپووا نے ٹافیاں بنانے والے ایک بڑے تاجر جیف رابن سے مل کر ایک نئی ٹافی شوگرپووا متعارف کروائی تھی۔ شوگراپووا کے بارہ مختلف ذائقے مارکیٹ کیے جا چکے ہیں۔ اِن تمام سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ روسی ٹینس اسٹار خیراتی سرگرمیوں میں بھی شریک ہیں۔ شوگرپووا کینڈی سے حاصل ہونے والی آمدن کا ایک حصہ ماریا شاراپووا فاؤنڈیشن کو عطیہ کر دیا جاتا ہے۔