1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاویز نے کینسر کے علاج کا اعترف کرلیا

1 جولائی 2011

وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں کینسر کا علاج کروایا ہے۔

https://p.dw.com/p/11nAS
ہوگو شاویزتصویر: ap

ہوگو شاویز کئی ہفتوں سے منظر عام سے غائب تھے اور ان کی غیر حاضری کے حوالے سے نہ صرف یہ کہ وینزویلا بلکہ دنیا بھر میں چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں، اور مختلف طرح کی افواہیں گردش میں تھیں۔ بالآخر سوشلسٹ نظریات کے حامل، سخت گیر اور امریکہ مخالف ہوگو شاویز نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اس عرصے میں کینسر ٹیومر کا اعلاج کروا رہے تھے۔

چھپن سالہ شاویز نے جمعرات کو اپنے ایک ٹی وی خطاب میں کہا: ’’رپورٹوں سے ثابت ہوا ہے کہ مجھے ٹیومر تھا جس میں کینسر کے خلیے تھے۔‘‘

خیال رہے کہ شاویز کو دس جون کو کیوبا کہ ہسپتال میں اس وقت داخل کیا گیا تھا جب وہ کیوبا کے سرکاری دورے پر تھے۔

NO FLASH Kuba Chavez und Castro
شاویز کیوبا کے صدر راؤل کاسترو (دائیں) اور فیدل کاسترو کے ساتھتصویر: picture alliance/Photoshot

ہوگو شاویز نے اپنے خطاب میں تاہم یہ نہیں بتایا کہ ٹیومر جسم کے کس حصے میں تھا، اور یہ کہ وہ کس نوعیت کا تھا۔ اپنے جذباتی خطاب میں شاویز نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے اور یہ کہ انہوں نے اب تک اپنی صحت پر توجہ نہ دے کر بڑی غلطی کی۔ انہوں نے اس عرصے اپنی غیر حاضری، اور حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان نہ آنے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں صحتیاب ہو کر ہی بات کرنا چاہتے تھے۔

شاویز کا تازہ ٹی وی خطاب ان کے کئی گھنٹوں پر محیط براہ راست خطابات کے برخلاف پہلے سے ریکارڈ کیا ہوا تھا۔

دارالحکومت کاراکس میں شاویز کے درجنوں حامیوں نے صدر شاویز کی حمایت میں مظاہرہ بھی کیا۔

لاطینی امریکہ کی صورت حال پر نظر رکھنے والے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شاویز کی علالت کے وینزویلا اور لاطینی امریکہ کی اشتراکی سیاست پر دور رس نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید