1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں مظاہرے، درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات

26 مارچ 2011

جمعے کے روز جنوبی شام میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں درجنوں مظاہرین کی ہلاکت کے بعد شام میں حکومت مخالف مظاہرے پھیل گئے ہیں۔ جمعے کی نماز کے بعد ہزاروں افراد نے ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے۔

https://p.dw.com/p/10hjS
تصویر: aP

مختلف اطلاعات کے مطابق صرف جنوبی شہر درعا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے باعث 23 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، تاہم آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہو پا رہی ہے۔ حکام کی جانب سے صحافیوں کی نقل وحرکت پر پابندیوں کے بعد شام سے معلومات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شام کے علاقے درعا میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر مارچ کیا اور حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ یہ مظاہرین ’’آزادی‘‘ کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے ایک رپورٹر کے مطابق مشتعل مظاہرین نے مرکزی چوک میں نصب، بشارالاسد کے مرحوم والد سابق صدر حافظ الاسد کے ایک مجسمے کو بھی گرا دیا۔ اس کے بعد مختلف عمارتوں پر موجود عام لباس میں ملبوس سکیورٹی اہلکاروں نے خودکار ہتھیاروں سے مظاہرین پر فائرنگ کی۔

Syrien Protest Demonstration Daraa NO FLASH
مظاہرین بشارالاسد سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

روئٹرز کے اس رپورٹر کے مطابق اس احتجاجی مظاہرے میں تقریبا تین ہزار افراد شامل تھے جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے چاروں طرف سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کا بھی زبردست استعمال کیا۔ اس رپورٹر کے مطابق اس واقعے کے بعد متعدد زخمیوں کو ایمبولینسوں اور عام گاڑیوں کے ذریعے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، تاہم یہ اطلاعات سامنے نہیں آئیں کہ زخمیوں میں سے کتنے افراد ہلاک ہوئے۔

عینی شاہدین کے مطابق درعا کے مرکزی چوک پر مظاہرین شام کے وقت ایک مرتبہ پھر جمع ہوئے اور انہوں نے متعدد سرکاری عمارتوں کو نذر آتش کر دیا۔

درعا کے رہائشی ابراہیم کے مطابق شام میں مظاہرے اب اس جگہ پر پہنچ چکے ہیں، جہاں سے واپسی کا راستہ ممکن نہیں رہا۔

ابراہیم کے مطابق شہر کے مرکز سے سابق صدر حافظ الاسد، جو موجودہ صدر بشارالاسد کے والد تھے، کے مجسمے کے گرائے جانے کا نظارہ بلکل ویسا ہی تھا، جیسا بغداد میں سن 2003ء میں صدام حسین کے مجمسے کا گرایا جانا تھا۔

اطلاعات کے مطابق شام کے ایک اور جنوبی شہر الصنمین میں بھی مظاہروں میں شدت دیکھی گئی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق الصنمین میں بھی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا بھرپور استعمال کیا، جس کے نتیجے میں جمعے کے روز وہاں 20 افراد ہلاک ہوئے، تاہم ان ہلاکتوں کی بھی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں