1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شالکے کی ٹیم جرمن کپ کے فائنل میں

3 مارچ 2011

جرمن فٹ بال کلب شالکے کے ہسپانوی فارورڈ کھلاڑی راؤل نے مضبوط حریف بائرن میونخ کے خلاف میچ میں نتیجہ خیز گول کر کے اپنی ٹیم کو جرمن کپ کے فائنل میں پہنچا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10Sfs
تصویر: dapd

میونخ میں کھیلا گیا یہ میچ جیتنے کے بعد شالکے کی ٹیم 2005ء کے بعد پہلی بار جرمن کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ شکست خوردہ بائرن میونخ نے گزشتہ سال دونوں ملکی ٹورنامنٹ یعنی بنڈس لیگا اور جرمن کپ جیتے تھے۔ اس سال وہ ڈورٹمنڈ کی قدرے نوجوان ٹیم سے ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کھا کر بنڈس لیگا جیتنے کی دوڑ سے بھی باہر ہو چکی ہے۔

بائرن میونخ کی تمام تر توجہ اب یورپی سطح پر کھیلی جانے والی فٹ بال کی چیمپئنز لیگ جیتنے پر مرکوز ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں یہ جرمن فٹ بال کلب رواں ماہ اطالوی کلب انٹر میلان کے خلاف ایک میچ کھیلے گا۔

دوسری طرف گزشتہ روز کی فاتح ٹیم شالکے کے کوچ فیلکس ماگاتھ کا کہنا ہے کہ وہ شروع ہی سے جیت کے لیے پر امید تھے۔ ’’ہم دوسرا گول بھی کر سکتے تھے، مگر مجموعی طور پر میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، اس کے باوجود کہ اس نے دوسرے ہاف میں بہت اعلیٰ کارکردگی نہیں دکھائی۔‘‘

Fußball DFB-Pokal Halbfinale FC Bayern München FC Schalke 04
تصویر: picture-alliance/dpa

اس میچ میں شالکے کے کھلاڑیوں نے بائرن میونخ کی کمزور پاسنگ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ شالکے کے ہسپانوی فارورڈ کھلاڑی راؤل شروع سے ہی بائرن میونخ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔ بالآخر 33 سالہ راؤل پہلے ہاف میں ایک ہیڈر کے ذریعے گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

دوسرے ہاف میں بائرن میونخ نے مقابلہ برابر کرنے کی بڑی کوشش کی۔ ان کی راہ میں شالکے کے وہ 24 سالہ کیپر مانوئل نوئر دیوار بنے رہے، جو پہلے بائرن میونخ کے لیے کھیلا کرتے تھے۔ بائرن میونخ کے کوچ لوئس فان گال نے اپنی ٹیم کی شکست پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اور ان کی ٹیم کے کھلاڑی ابھی تک یہ نہیں سمجھ پائے کہ آخر وہ ہار کیسے گئے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں