1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیرینا ولیمز کی آسٹریلین اوپن میں ریکارڈ ساز کامیابی

عابد حسین
28 جنوری 2017

امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے ٹینس کا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن جیت لیا ہے۔ انہوں نے یہ ٹورنامنٹ جیت کر جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف کے بائیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2WYmR
Tennis Australian Open Serena Williams - Venus Williams
تصویر: Reuters/T. Peter

آسٹریلوی شہر میلبورن میں امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز نے اپنی بہن وینس ولیمز کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر رواں برس کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔انہوں نے چھ چار اور چھ چار سے اپنی چھتیس سالہ بڑی بہن وینس ولیمز کو ہرایا۔ دونوں سیٹس کا دورانیہ اکتالیس اکتالیس منٹ رہا۔ یہ میچ میلبورن کے ٹینس کمپلیکس کے راڈ لیور ایرینا میں کھیلا گیا، جو اِس وسیع و عریض کمپلیس کا مرکزی کورٹ ہے۔

 اِس کامیابی کے ساتھ ہی وہ پرسوں پیر کے روز جاری ہونے والی خواتین کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہو جائیں گی۔ وہ گزشتہ برس اِس پوزیشن سے محروم ہوئی تھیں۔ ستمبر سن 2016 میں جرمن کھلاڑی انگلیک کیربر نے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ وہ اس ٹورنامنٹ کے اوائل راؤنڈز میں شکست کھا کر خارج ہو گئی تھیں۔

ایک تاریخ ساز کھلاڑی

جدید ٹینس کی تاریخ میں جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف نے بائیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ قائم کر رکھا تھا۔ آج ہفتے کے روز سیرینا ولیمز نے آسٹریلین اوپن جیت کر اِس ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ سیرینا نے اب تیئیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انہیں ابھی ایک اور گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت کر آل ٹائم ریکارڈ ہولڈ مارگریٹ کورٹ کے چوبیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کے ریکارڈ کو برابر کرنا ہے۔

Deutschland Tennis Steffi Graf bei US Open 1988
جدید ٹینس کی تاریخ میں جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف نے بائیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ قائم کر رکھا تھاتصویر: Getty Images

 ٹینس کے ماہرین کا خیال ہے کہ سیرینا ولیمز بلاشبہ اس کھیل کی تاریخ ساز شخصیت ہیں اور ابھی اُن میں اتنا دم ہے کہ وہ مزید گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کر سکتی ہیں۔ ایسے امکان ظاہر کیے گئے ہیں کہ ومبلڈن اور یُو ایس اوپن میں وہ آسانی سے فائنل تک رسائی حاصل کر لیں گیے جب کہ فرنچ اوپن ہمیشہ سے ہی امریکی کھلاڑی کے لیے قدرے مشکل رہا ہے۔

پینتیس سالہ امریکی کھلاڑی سیرینا نے ساتویں مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتا ہے۔ پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن انہوں نے تقریباً اٹھارہ برس قبل جیتا تھا۔ چھتیس سالہ وینس ولیمز نے سن 2009 کے بعد کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سابقہ عالمی نمبر ایک وینس اس وقت عالمی درجہ بندی میں تیرہویں پوزیشن پر ہیں۔