1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سڈنی ون ڈے: آسٹریلیا پاکستان کے مقابلے میں پھر فتحیاب

24 جنوری 2010

برزبین میں پہلے وَن ڈے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست کھانے کے بعد پاکستان اتوار کو سڈنی میں دوسرا وَن ڈے میچ بھی ہار گیا۔

https://p.dw.com/p/LfhX
ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا کی یہ مسلسل دوسری فتح ہےتصویر: AP

ٹاس پاکستان نے جیتا لیکن پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اِس طرح آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو سڑسٹھ رنز بنائے، جن میں شین واٹسن کے 69 اور کیمرون وائٹ کے 55 رنز شامل تھے۔ آسٹریلوی اننگ میں سب سے کامیاب پاکستانی بالر محمد عامر رہے، جنہوں نے 53 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستانی ٹیم ابتدا ہی میں مشکلات کا شکار ہو گئی، جب اوپنر سلمان بٹ صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ تین ہی گیندوں بعد اُسی اوور میں یونس خان بغیر کوئی رَن اسکور کئے پیولین واپس لوٹ گئے۔ یُوں سات کے مجموعی اسکور پر ہی پاکستان کی دو قیمتی وکٹیں اُڑ چکی تھیں۔ کامران اکمل سولہ رنز بنا پائے اور جلدی سے ایک سنگل لینے کی کوشش میں رَن آؤٹ ہوئے۔

سوائے محمد یوسف کے، جنہوں نے اٹھاون رنز بنائے، کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔ یوسف نے رانا نوید الحسن کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں چھیالیس رنز بنائے، جو پاکستانی اننگ کی سب سے بڑی شراکت تھی۔ رانا نوید نے21 رنز بنائے۔ یونس خان کی طرح عمر اکمل بھی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہد آفریدی نے نو ارور شعیب ملک نے دو رنز بنائے۔ اِس طرح پوری پاکستانی ٹیم 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور آسٹریلیا یہ دوسرا وَن ڈے میچ 140 سے جیت گیا۔

شین واٹسن کو، جنہوں نے 69 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ ایک وکٹ بھی حاصل کی، مَین آف دا میچ قرار دیا گیا۔ اِس کامیابی کے ساتھ ہی آسٹریلیا کو پانچ وَن ڈے میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اگلا یعنی تیسرا وَن ڈے منگل چھبیس جنوری کو ایڈلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر