1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈن کی اسانج سے لندن میں پوچھ گچھ کی پیشکش

عاطف توقیر13 مارچ 2015

سویڈش استغاثہ نے پیش کش کی ہے کہ وہ وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج سے لندن میں پوچھ گچھ پر تیار ہے۔ اس سے قبل سویڈن نے اسانج پر جنسی حملوں کے الزامات کی تفتیش کسی دوسرے ملک میں کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1Eqfv
تصویر: Reuters/L. MacGregor

جمعے کے روز سویڈش دفتر استغاثہ نے کہا کہ پانچ برس قبل سامنے آنے والے ان الزامات کے بعد جولیان اسانج نے ابتدا میں برطانیہ سے سویڈن جانے سے انکار کر دیا تھا اور برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی تھی، جب کہ برطانیہ کی جانب سے سیاسی پناہ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد انہوں نے لندن ہی میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لے لی تھی۔

جنسی حملوں کے یہ مقدمات سویڈن میں قائم ہیں اور وہاں کے پراسیکیوٹرز نے اس سلسلے میں اسانج سے پوچھ گچھ لندن میں کرنے سے انکار کیا تھا، تاہم اب ان کی جانب سے پیشکش کی گئی ہے کہ وہ اسانج سے پوچھ گچھ کے لیے لندن جانے پر آمادہ ہیں۔ اعلیٰ وکیل استغاثہ ماریانے نی نے وضاحت کی ہے کہ پوزیشن میں اس تبدیلی کی وجہ یہ ہے کہ اسانج پر عائد کیے جانے والے متعدد الزامات رواں برس اگست میں اپنی حدِ اختتام کو چھونے والے ہیں اور اس سے قبل اس سلسلے میں پیش رفت کی کوشش کی جائے گی۔

Julian Assange ecuadorianische Botschaft Nacht
اسانج ایک طویل عرصے سے لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں مقیم ہیںتصویر: Peter Macdiarmid/Getty Images

انہوں نے کہا، ’’میرا ہمیشہ سے یہ خیال رہا ہے کہ ایکواڈور کے سفارت خانے میں اسانج سے انٹرویو اس کے معیار میں کمی کا باعث ہو گا اور انہیں (اسانج) کو مستقبل میں بھی ہر مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے سویڈن ہی آنا ہو گا۔‘‘

نی نے مزید کہا، ’اب وقت بہت اہم ہے۔ میں نے اس پر غور کیا ہے اور بالآخر اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ تفتیش کے معیار میں اس کمی کو قبول کیا جائے۔ کیوں کہ یہ انٹرویو کیس کو آگے بڑھنے سے روکے ہوئے ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ جمعے کے روز اسانج کی قانونی ٹیم سے درخواست کر دی گئی ہے اور اسانج کے ڈی این اے کا نمونہ بھی حاصل کیا جائے گا۔

اسانج کے ایک وکیل دفاع ساموئلسن نے سویڈش استغاثہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مؤکل تفصیلات دیکھنے کے بعد یقیناﹰ یہ پیش کش قبول کر لیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جمعے کی صبح اس سلسلے میں انہوں نے اسانج سے بات بھی کی۔

ان کا مزید کہنا تھا، ’’اسی بات کا مطالبہ ہم پچھلے چار برس سے کرتے آئے ہیں۔ جولیان اسانج چاہتے ہیں کہ وہ انٹرویو دیں اور بات واضح ہو۔ ظاہر ہے کہ ہم اس پیش کش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘