1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی نئی قیادت

رپورٹ:عابد حسین، ادارت:ندیم گِل6 اکتوبر 2009

جرمنی میں گزشتہ ماہ کے آخر میں الیکشن میں شکست کے بعد سوشل ڈیموکرٹک پارٹی کے اندر انتظامی تبدیلیوں کے سلسلے میں چیرمین اور جنرل سیکریٹری کی نامزدگیاں ایکزیکٹو کونسل کی جانب سے سامنے آئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/JycV
جرمنی کی سوشل ڈیموکرٹک پارٹی کے نامزد چیرمن زیگمار گبریل اور سیکریٹری جنرل آندریا ناہلستصویر: dpa

جرمنی کی بڑی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے گزشتہ ماہ کے پارلیمانی انتخابات میں ناکامی کے بعد اپنی انتظامی تبدیلیوں کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ پارٹی نے وزیر ماحولیات زیگمار گبریل اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔ نئے سربراہ کا انتخاب پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے 45 اراکان نے کیا۔

Sigmar Gabriel SPD Präsidiumssitzung
زیگمار گبریلتصویر: picture-alliance/ dpa

بعض تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ پارٹی سربراہ کے انتخاب کے حوالے سے سوشل ڈیوکریٹس کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے نئے لیڈر کا انتخاب بند دروازوں کے پیچھے یا خفیہ رائے شماری کے ذریعےے کیا گیا۔ اِس سلسلے میں پارٹی کی آئندہ ماہ ہونے والی قومی کانفرنس میں یہ نامزدگی پیش کی جائے گی ۔ ڈریسڈن شہر میں قومی کانفرنس کے دوران نئی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے موجودہ چیرمین فرانس میونٹرفیرنگ پہلے ہی اپنے عہدے سے علیحدگی کا اعلان کر چکے ہیں۔ برلن شہر کے میئر کلاؤز ویویرائٹ پارٹی میں نائب صدر کا عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ خاتون لیڈر آندریا ناہلیز کو پارٹی کی جنرل سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔

زیگمار گبریل کو بطور مقرر پسند کیا جاتا ہے۔ وہ کچھ عرصہ تک جرمن صوبے زیریں سیکسنی کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ چانسلر میرکل کے ساتھ گرینڈ مخلوط حکومت میں بائیس دسمبر سن 2005 سے ماحولیات کے شعبے کے وزیر ہیں۔

زیگمار گبریل بارہ ستمبر سن 1959ء کو لوئر سیکسنی کے تاریخی شہر گوزلار میں پیدا ہوئے۔ زیگمار گبرییل نے اپنے دورِ وزرات میں توانائی کے متبادل کے استعمال کو فروغ دینے کی کامیاب کوشش کی ہے۔

نامزد سیکریٹری جنرل ماریا آندریا ناہلس بیس جون سن 1970 میں رائن لینڈ پلاٹی نیٹ صوبے کے شہر مینڈنگ میں پیدا ہوئیں تھیں۔ وہ فکری طور پر خود کو بائیں بازو سے نتھی کرتی ہیں۔ ناہلس نوجوان سوشل ڈیموکریٹس سیاستدانوں کی سرخیل سمجھی جاتی ہیں۔