سمندروں میں پھینکا گیا کوڑا کھانے کی پلیٹ پر
15 مارچ 2011سمندروں میں تیرنے والا یہی پلاسٹک جانوروں کی خوراک بنتا ہے اور یوں اُس خوراک کا بھی ایک حصہ بن جاتا ہے، جو ہمارے کھانے کی میز تک پہنچتا ہے۔ یہ وہ کوڑا کرکٹ ہے، جو بحری جہازوں سے پھینکا جاتا ہے، ساحلوں پر جمع ہوتا رہتا ہے یا پھر دریاؤں اور ہوا کی وساطت سے سمندر تک پہنچ جاتا ہے۔
جنوبی اسپین کے صوبے المیریا کے ساحلی علاقے میں خاص طور پر زیادہ پلاسٹک پایا جاتا ہے۔ اندلس کے علاقے آڈرا سے تعلق رکھنے والا ماہی گیر اینریک بحیرہء روم سے کٹل فش پکڑتا ہے لیکن اُس کے جال میں اکثر ایک ناپسندیدہ چیز بھی پھنس جاتی ہے اور وہ ہے، پلاسٹک کا کوڑا کرکٹ۔ اینریک بتاتا ہے کہ سمندر پُرسکون ہو تو اُس کے جال میں پلاسٹک کے کوڑے کی مقدار بھی کم ہو جاتی ہے:’’ہمیں بہت زیادہ مقدار میں پلاسٹک کی چیزیں اور بیگ ملتے ہیں اور ساتھ ساتھ بہت سی سمندری گھاس بھی۔ بارش ہونے کی صورت میں زیادہ کوڑا کرکٹ ندی نالوں میں بہتا ہوا سمندر میں پہنچ جاتا ہے۔ سمندر میں پانی چڑھا ہوا ہو تو ہمیں زیادہ کوڑا دیکھنے کو ملتا ہے۔‘‘
ہسپانوی ساحلی علاقے المیریا میں کھیتوں کو پلاسٹک کی شیٹس کے ساتھ ڈھانپ کر مخصوص پودے اگانے کا رواج بہت عام ہے اور اِسی وجہ سے اِس علاقے کو پلاسٹک کا سمندر بھی کہا جاتا ہے کیونکہ وہاں ساحل پر بھی ہر طرف پلاسٹک پڑا ملتا ہے۔ پاکو تولیدانو اور اُن کے دوست تحفظ ماحول کی ایک تنظیم کے دائرے میں برسوں سے اِس مسئلے پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ کھیتوں کو ڈھانپنے کے لیے استعمال ہونے والی پرانی شیٹیں بالآخر ساحل پر اور یوں سمندر میں پہنچ جاتی ہیں، جہاں وہ وقت کے ساتھ ساتھ انتہائی باریک ذروں میں تقسیم ہو جاتی ہیں۔
تولیدانو کہتے ہیں:’’یہ بہت بڑا اسکینڈل ہے اور خاص طور پر یہ انسانی صحت کے لیے ایک بہت بڑا اور سنگین خطرہ ہے۔‘‘
یہ خطرہ انسانوں کو ہی نہیں بلکہ اُن سمندری جانوروں کو بھی ہے، جو دانستہ یا نادانستہ اِس پلاسٹک کو خوراک کے طور پر استعمال کر لیتے ہیں۔
کم از کم ہر تین سال بعد اِن شیٹوں کو تبدیل کیا جانا ضروری ہوتا ہے۔ کئی کسان اپنی پلاسٹک کی شیٹیں جلا ڈالتے تھے تاہم اب وہ اپنی ان شیٹوں کو بلا معاوضہ ری سائیکل کروا سکتے ہیں۔ کھیتوں کو شیشے سے ڈھانپنا مہنگا بھی ہے اور غیر موزوں بھی، اِس لیے آج کل سائنسدان نئی قسم کے پلاسٹک کی شیٹیں تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ یہ نئی شیٹیں سورج کی ضرر رساں شعاعوں کو روک سکتی ہیں اور زیادہ مضبوط بھی ہیں۔
رپورٹ: نارمن شٹریگل / امجد علی
ادارت: عدنان اسحاق