1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمانتھا سٹوسر یو ایس اوپن کا تاج لے اڑیں

12 ستمبر 2011

سمانتھا سٹوسر نے سیرینا ولیمز کو ہرا کر یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ سٹوسر گزشتہ اڑتیس برس میں وہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی آسٹریلوی کھلاڑی بن گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/12X8k
سمانتھا سٹوسرتصویر: AP

یو ایس اوپن میں خواتین کے فائنل میں سمانتھا سٹوسر کا سامنا تین مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والی سیرینا ولیمز سے تھا۔ تاہم انہوں نے ولیمز کو چھ دو اور چھ تین سے مات دے کر سکّتے میں ڈال دیا۔ سٹوسر کے کیریئر کا یہ پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے جبکہ ولیمز تیرہ گرینڈ سلیم حاصل کر چکی ہیں۔

نیویارک میں سٹوسر سے قبل یہ ٹائٹل آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ نے انیس سو تہتر میں جیتا تھا، جبکہ اس سے پہلے کوئی بھی گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والی آسٹریلوی کھلاڑی Evonne Goolagong تھیں، جنہوں نے انیس سو اسّی میں ومبلڈن کا ٹائٹل جیتا تھا۔

سٹوسر نے میچ کے بعد کہا: ’’یہ میری زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک ہے اور میں خوش قسمت ہوں کہ اس دن میں نیویارک کے اس اسٹیج پر ہوں۔ میں نے جب سے کھیلنا شروع کیا، یہ میرا خواب تھا کہ ایک دِن یہاں پہنچوں۔‘‘

انہوں نے ولیمز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: ’’سیرینا آپ زبردست کھلاڑی اور عظیم چیمپیئن ہیں اور ہمارے کھیل کو بہت اہم بنا چکی ہیں۔‘‘

سٹوسر نے کہا کہ وہ اپنے ہم وطنوں کی بھی شکر گزار ہیں جو ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

Serena Williams - Sportlerin des Jahres 2002
سیرینا ولیمزتصویر: AP

یو ایس اوپن میں خواتین کے سیمی فائنل کے مقابلے ہفتہ کو ہوئے تھے۔ سمانتھا سٹوسر نے جرمنی کی انگلیک کریبر کو چھ تین، دو چھ اور چھ دو سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ سیرینا ولیمز  ورلڈ نمبر وَن کیرولین ووزنیاکی کو ہرا کر فائنل میں پہنچی تھیں۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ نے سٹوسر کی جیت کو زبردست فتح قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت آسٹریلیا کی آئندہ نسل کو ٹینس کے کھیل کی جانب راغب کرے گی۔

گیلارڈ نے کہا: ’’انہوں نے زبردست صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور میدان میں موجود شائقین کی پسندیدہ کھلاڑی کو مات دینے کے لیے اعصاب پر بھی فتح پائی۔‘‘

یو ایس اوپن میں مردوں کا فائنل آج پیر کو دفاعی چیمپیئن رافائل نادال اور نوواک جوکووچ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں