1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سزائے قید کے حکم کے دو روز بعد سلمان خان کی ضمانت منظور

7 اپریل 2018

بالی وُڈ سپر سٹار سلمان خان کو بقا کے خطرے سے دوچار ایک کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے باعث پانچ سال قید کا حکم سنائے جانے کے دو روز بعد ایک بھارتی عدالت نے ان کی ضمانت منظور کر لی۔ انہیں آج ہی رہا کر دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/2ve0O
تصویر: Getty Images/AFP/Str

بھارت کے تجارتی دارالحکومت اور بالی وُد کہلانے والی بھارتی فلمی صنعت کے مرکز ممبئی سے ہفتہ سات اپریل کو موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق انڈیا کے اس انتہائی مقبول مسلمان اداکار کے کروڑوں مداح اس وقت شدید دھچکے میں آ گئے تھے، جب جمعرات پانچ اپریل کو ایک ملکی عدالت کی طرف سے انہیں پانچ سال قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔

بھارتی سپر اسٹار سلمان خان مجرم قرار، پانچ برس قید کی سزا

سلمان خان کی سزا اور سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

سلمان خان کے خلاف اس عدالتی فیصلے کے فوراﹰ بعد انہیں جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ لیکن انہیں جیل گئے ہوئے ابھی دو دن ہی گزرے تھے کہ ایک عدالت نے ان کی طرف سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔ بالی وُڈ کے اس سپر سٹار کے وکیل مہیش بورا نے صحافیوں کو بتایا، ’’سلمان خان کی ضمانت منطور کر لی گئی ہے اور ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد انہیں آج ہی، سات اپریل ہفتے کی شام تک رہا کر دیا جائے گا۔‘‘

Indien Mitglieder der Bishnoi-Gemeinschaft
راجسھتان میں جودھ پور کی ایک عدالت کی طرف سے ضمانت کی منظوری کے بعد خوشیاں مناتے سلمان خان کے مداحتصویر: Reuters/Stringer

روئٹرز کے مطابق سلمان خان کی ضمانت کی خبر ملتے ہی ان کی بہت سے مداحوں نے ممبئی میں ان کے گھر کے باہر اور جودھ پور میں ان کی ضمانت منظور کرنے والی عدالت کے باہر خوشی سے آتش بازی بھی کی۔ خان کو یہ سزا شمال مغربی بھارتی ریاست راجستھان کی ایک عدالت نے سنائی تھی اور ان کی ضمانت بھی اسی بھارتی ریاست کے شہر جودھ پور کی ایک عدالت نے منظور کی۔

تامل ناڈو کا وزیر اعلیٰ بننا چاہتا ہوں، کمل ہاسن

’پدماوت‘ کے بعد کنگنا رناؤت کی فلم بھی انتہا پسندوں کے نشانے پر

سلمان خان کی عمر اس وقت 52 برس ہے اور ان کے خلاف سزائے قید کا عدالتی فیصلہ ایک ایسی قانونی جنگ کے بعد سنایا گیا تھا، جو دو عشروں تک جاری رہی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ وہ کالے ہرنوں کی ایک خاص قسم، جو معدوم ہو جانے کے خطرے کا شکار ہے، سے تعلق رکھنے والے ایک ہرن کے شکار کے مرتکب ہوئے تھے، جو جنگلی حیات کے بھارتی قوانین کے سراسر منافی تھا۔

اس مقدمے میں مدعی راجستھان میں اس بشنوئی برادری کے چند سرکردہ رہنما تھے، جو ہرنوں کا بڑا احترام کرتی ہے۔ اس برادری نے اس بھارتی اداکار کے خلاف مقدمے کی قریب 20 سال تک پیروی کی تھی۔

’گل مکئی‘ ملالہ کی زندگی پر مبنی بھارتی فلم

بالی وڈ کی سنٹنٹ کوئن، بے خوف نادیہ

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق سلمان خان کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران ان کی بہنیں الویرا اور ارپیتا بھی عدالت میں موجود تھیں اور جودھ پور کی عدالت کے جج راوندر کمار جوشی نے انہیں 50 ہزار روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

سلمان خان کی طرف سے مہیش بورا نے ان کو سنائی جانے والی سزا کے خلاف اپیل کر رکھی ہے اور جب تک اس اپیل پر کوئی فیصلہ نہیں ہوتا، بالی وُڈ کے یہ ہر دلعزیز اداکار ضمانت پر جیل سے باہر ہی رہیں گے۔

سپر اسٹار کو پانچ برس قید کی سزا

م م / ع ب / روئٹرز، اے پی