1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرفراز کی انگلش کا مذاق کیوں اڑایا؟ بھارتی سوشل میڈیا صارفین

15 جون 2017

بھارتی میڈیا پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی انگلش کا مذاق اڑایا گیا لیکن بھارت کے سوشل میڈیا صارفین سرفراز کے حق میں اٹھ کھڑے ہوئے اور پاکستانیوں نے سرفراز کا ساتھ دینے والے بھارتیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ek6X
Großbritannien Cardiff Cricket Pakistan s Sarfraz Ahmed in action during the ICC Champions Trophy Group B match at Cardiff Wales S
تصویر: Imago/PA Images/J. Giddens

کرکٹ کے میدان میں جب بھی بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے مد مقابل آتے ہیں تو سوشل میڈیا پر بھی ایک دوسرے کو شکست دینے، ایک دوسرے پر تنقید کرنے اور ایک دوسرے کے کھلاڑیوں کا مذاق اڑانے کا مقابلہ شروع ہو جاتا ہے۔

14 جون کے روز انگلینڈ کی ٹیم کو حیران کن شکست دیتے ہوئے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا ہے اور اب ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ اٹھارہ جون کو ہونے والے فائنل میں بھارت اور پاکستان ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں۔ اس حوالے سے ٹوئٹر اور فیس بک پر ایک دوسرے کی ٹیموں کا مذاق اڑانے کا سلسلہ ابھی سے شروع ہو گیا ہے۔

لیکن ان تمام چیزوں اور اختلافات کے درمیان بھارتی اور پاکستانی سوشل میڈیا صارفیں پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی حمایت کرنے میں ایک ساتھ ہیں۔ یہ ایک ایسا واقعہ ہے، جس پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھی بھارتی شہریوں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

بھارت کی ایک مشہور ویب سائٹ نے احمد فراز کی انگلش کا مذاق اڑاتے ہوئے ایک آرٹیکل فیس بک پر پوسٹ کیا تھا، جس کے جواب میں بھارتی سوشل میڈیا صارفین سرفراز کو عزت دینے کے لیے میدان میں اتر آئے۔

پوسٹ کیے گئے آرٹیکل کے نیچے ایک بھارتی صارف نے لکھا ہے، ’’انگلش کا ذہانت سے تو کچھ لینا دینا نہیں ہے۔‘‘  اسی طرح ایک صارف سرتم میشرا نے لکھا ہے، ’’میں ایک بھارتی ہوں لیکن اس طرح کے عمل کی بالکل حمایت نہیں کروں گا۔ اگر اس کی انگلش ٹھیک نہیں ہے تو کیا ہوا، وہ اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں لے گیا ہے، وہ ایک کرکٹر ہے کوئی اینکر نہیں۔‘‘

کلدیب چودھری نے لکھا، ’’ایڈمن ، وہ وہاں کرکٹ کھیلنے جاتے ہیں، انگلش بولنے نہیں۔ اور یہ کوئی ذہانت کا معیار نہیں ہے، بیوقوف ایڈمن۔‘‘

اسی طرح سینکڑوں کمینٹس سرفراز کے حق میں کیے گئے، جس کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے بھی بھارتی شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ٹوئٹر پر احسان نامی ایک پاکستانی صارف نے لکھا ہے کہ ایک پیج پر سرفراز کی انگلش کا مذاق اڑایا جا رہا ہے لیکن جس طرح بھارتیوں نے اس کا جواب دیا ہے، وہ قابل تعریف عمل ہے۔

اسی طرح کئی دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی بھارتی شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔