1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زیکا وائرس سے ریو اولمپکس کا انعقاد خطرے میں

عابد حسین8 فروری 2016

ریو ڈی جینرو میں رواں برس ہونے والی اولمپک کھیلوں پر زیکا وائرس کی سیاہ چادر پھیلتی جا رہی ہے۔ امریکی اولمپک کمیٹی کو مختلف فیڈریشنوں کی جانب سے کھلاڑیوں اور اسٹاف کی شرکت پر گہری تشویش سے مطلع کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HrQb
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler

برازیل میں زیکا وائرس سے لاکھوں متاثرین ہے اور حکومت اپنی سی کوشش میں ہے کہ اِس پر کنٹرول کیا جا سکے لیکن مدافعتی دوا کی عدم دستیابی سے صورت حال مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ رواں برس بندرگاہی شہر ریو ڈی جینرو میں گرمائی اولمپکس کا انعقاد کیا جانا ہے۔ کئی حلقوں نے زیکا وائرس کے بعد کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ اب ان میں امریکا کی مختلف فیڈریشنوں کے کھلاڑی اور اسٹاف شامل ہو گیا ہے۔ کئی فیڈریشنوں نے دوٹوک الفاظ میں ریو گیمز میں شرکت سے معذوری کا اظہار کر دیا ہے۔

امریکی اولمپک کمیٹی کو ملک کی کئی اسپورٹس فیڈریشنز کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ زیکا وائرس کی وجہ سے کھلاڑی اور اسٹاف ریو اولمپکس میں شرکت کے حوالے سے گہرے تحفظات رکھتے ہیں۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں امریکی اولمپک کمیٹی اور مختلف اسپورٹس فیڈریشنوں کے سربراہان کی کانفرنس میں گیمز میں شرکت کے حوالے سے کھلاڑیوں اور اسٹاف کی صحت کو لاحق ہو جانے والے خطرات کا اظہار کیا گیا۔ اُدھر اولمپک کھیلوں کا عالمی ادارہ بھی زیکا وائرس کے پھیلاؤ کی روشنی میں جلد ہی کوئی بیان جاری کر سکتا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ گرمائی کھیلوں میں امریکا ہمیشہ ایک پاور ہاؤس کے طور پر شریک ہوتا ہے۔ سن 2012 کے لندن اولمپکس میں سب سے زیادہ تمغے امریکی ایتھلیٹوں نے ہی جیتے تھے۔ کھیلوں کے تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا کی عدم شرکت سے اولمپکس کا رنگ پھیکا ہو جائے گا اور یہ سن 1980 کے سابقہ سوویت یونین کے دور میں ماسکو اولمپکس جیسے ہو سکتے ہیں۔ امریکا کی دیکھا دیکھی کئی یورپی ملکوں میں زیکا وائرس کے حوالے سے حکومتیں اور اولمپک کمیٹیاں ابھی سے شرکت کے حوالے سے متفکر دکھائی دیتی ہیں۔

Brasilien - Maßnahmen gegen Zika Virus - Rio de Janeiro
اولمپکس گیمز کے مقامات پر خصوصی اسپرے جاری ہےتصویر: picture-alliance/dpa/M. Sayão

برازیلی شہر ریو اولمپکس رواں برس اگست میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان گیمز کے انعقاد کے حوالے سے برازیل کے میڈیا پر بھی خدشات ابھرنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان اندیشوں کا احساس کرتے ہوئے برازیلی وزیر صحت نے ان کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت اولمپکس گیمز کے لیے بہترین حالات مہیا کرنے کی پابند ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدامت کیے جائیں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ زیکا وائرس کا سبب بننے والا مچھر کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کر چکا ہے اور برازیلی حکومت کے علاوہ دنیا بھر میں ان کے انسداد کے لیے کوئی مؤثر دوا موجود نہیں ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید