1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمین کی اندرونی ساخت ، یورپین اسپیس ایجنسی کا خصوصی مشن

افسر اعوان7 اپریل 2009

زمین کی کشش ثقل مختلف مقامات پر مختلف ہوتی ہے اور اس کی بنیاد پر نہ صرف سمندروں میں آنے والی تبدیلیوں بلکہ آتش فشاں پہاڑوں کے بارے میں بھی جانا جاسکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/HS8J
حساس آلات زمینی کشش ثقل میں تدیلی کی پیمائش کریں گےتصویر: picture-alliance/dpa

یوپین اسپیس ایجنسی کی طرف سے زمین کی اندرونی ساخت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے 350 ملین یورو کا یہ خصوصی خلائی مشن 17 مارچ کو روس کے ایک خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا۔ Gravity Field & Steady State Ocean Circulation Explorer یعنی GOCE کو کشش ثقل کی بہتر پیمائش کرنے کے لئے زمین کے قریب 250 کلومیٹر کے فاصلے پر مدار میں چھوڑا گیا ہے۔

ایک ٹن وزنی اس خلائی جہاز میں بہت ہی حساس آلہ Gradiometer نصب کیا گیا ہے جو کہ زمین کے گرد چکر لگاتے ہوئے زمین کی کشش ثقل میں تبدیلی کی سہ سمتی یا تھری ڈائمنشنل پیمائش کرے گا۔

اس طرح سے حاصل ہونے والے اعداد وشمار سے زمین کی کشش ثقل اور مختلف مقامات پر اس میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں بہت ہی تفصیلی نقشہ تیار کیا جاسکے گا۔ جو نہ صرف زمین کی اندرونی ساخت کو سمجھنے میں مدد دے گا بلکہ سمندروں کی سطح اور ان میں چلنے والی رودباد کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کرے گا۔اسکے علاوہ GOCEسے حاصل شدہ معلومات سے زمین کے اندر جاری پراسیس کو بھی سمجھنے میں مدد ملے گی۔ جس سے آتش فشاں پہاڑوں کے بارے میں بہتر پیش گوئی کرنا ممکن ہوسکے گا۔

اس انتہائی جدید خصوصی خلائی جہاز کی تیاری میں یورپ کی 45 کمپنیوں نے حصہ لیا ہے۔ مدار میں پہچنے کے تین دن بعد GOCE نے اعدادوشمار زمینی اسٹیشنوں کو بھیجنا شروع کردیے ہیں۔