1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے: صدر کی ریلی میں دھماکا

23 جون 2018

زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا کی ریلی میں دھماکے کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکمران پارٹی زانو پی ایف کے ترجمان نے بتایا ہے کہ صدر ایمرسن منانگاگوا محفوظ ہیں اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/308vL
Simbabwe Unabhängigkeitsfeier Präsident Emmerson Mnangagwa
تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Mukwazhi

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن صدر ایمرسن منانگاگوا کے ایک ریلی میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہفتے کے دن زمبابوے کے دوسرے سب سے بڑے شہر بولا وایو میں منعقدہ ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے۔

زمبابوے کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کیے گئے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد ایک کھلبلی مچ گئی اور امدادی کارکن لوگوں کو ابتدائی طبی امداد دینے میں کس طرح مصروف ہیں۔ صدر ایمرسن تیس جولائی کے الیکشن کی مہم کے دوران  بولا وایو کے وائٹ سٹی اسٹیڈیم میں منعقدہ اس ریلی میں شریک ہوئے تھے۔

صدارتی ترجمان جارج چارامبا نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں ایمرسن محفوظ رہے، ’’صدر کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ وہ اس وقت بولا وایو کے اسٹیٹ ہاؤس میں ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ طور پر یہ ایک دھماکا تھا، جو یقینی طور پر وی وی آئی پی لاونج کے انتہائی قریب ہوا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا علم نہیں ہو سکا ہے۔

زمبابوے کے میڈیا کے مطابق اس دھماکے کی وجہ سے حکمران پارٹی زانو پی ایف کے کچھ سنیئر ارکان بھی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ دراصل ایک حملہ تھا، جس میں صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔

75 سالہ صدر ایمرسن نے رابرٹ مگابے کے طویل اقتدار کے خاتمے کے بعد گزشتہ برس نومبر میں ہی یہ عہدہ سنھالا تھا۔ مگابے 37 سال اقتدار میں رہے تھے۔

مگابے کی حکومت ختم ہونے کے بعد زمبابوے میں پہلی مرتبہ الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس انتخابی عمل کو صدر ایمرسن کے لیے انہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ایمرسن بین الاقوامی سطح پر زمبابوے کی ساکھ بہتر بنانے کی کوشش میں ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ تیس جولائی کے انتخابات شفاف اور غیرجانبدار طریقے سے منعقد کرائے جائیں گے۔

ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے