1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریٹنگ ایجنسی Fitch کی جانب سے امریکہ کے لیے بدستور AAA

17 اگست 2011

ریٹنگ ایجنسی S&P کی جانب سے امریکہ کی کریڈٹ ریٹنگ AAA سے کم کر کے +AA کیے جانے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد ایک اور ریٹنگ ایجنسی Fitch نے منگل کو امریکہ کی AAA ریٹنگ کی توثیق کی ہے۔

https://p.dw.com/p/12I7N
تصویر: picture-alliance/dpa

اس طرح S&P کی اس حریف ریٹنگ ایجنسی نے واشنگٹن حکومت کی اُن کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جو وہ بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے کر رہی ہے۔ تاہم ساتھ ہی Fitch نے کہا ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں اپنے اس فیصلے پر ایک بار پھر غور کرے گی۔ اس ریٹنگ ایجنسی نے دھمکی دی ہے کہ اگر قانون ساز سیاستدان تب تک 1.2 ٹرلین ڈالرز کے رواں ماہ طے کیے گئے بچتی اقدامات کو عملی شکل نہ دے سکے یا معیشت کی حالت بہت زیادہ خراب ہو گئی تو ریٹنگ کو کم بھی کیا جا سکتا ہے۔

پانچ اگست کو اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کی جانب سے امریکہ کی کریڈٹ ریٹنگ کم کرنے کی بڑی وجہ دونوں بڑی جماعتوں ڈیموکریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی کے درمیان وہ شدید سیاسی تنازعہ تھا، جس کے باعث ملک دیوالیہ ہو جانے کے مرحلے کے بالکل قریب پہنچ گیا تھا۔ دونوں جماعتیں عین آخری لمحات میں ایک سمجھوتے پر متفق ہو سکی تھیں۔ ریٹنگ ایجنسی Fitch کے مطابق یہی سمجھوتہ یہ واضح کرتا ہے کہ عوامی نمائندے ملک کے قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے کسی مشترکہ لائحہ عمل پر متفق ہو سکتے ہیں۔

Fitch کے مطابق ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان اگست کے اوائل میں طے ہونے والا سمجھوتہ یہ واضح کرتا ہے کہ عوامی نمائندے ملک کے قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے کسی مشترکہ لائحہ عمل پر متفق ہو سکتے ہیں
Fitch کے مطابق ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان اگست کے اوائل میں طے ہونے والا سمجھوتہ یہ واضح کرتا ہے کہ عوامی نمائندے ملک کے قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے کسی مشترکہ لائحہ عمل پر متفق ہو سکتے ہیںتصویر: AP/dapd

امریکہ کے لیے Fitch کے چوٹی کے تجزیہ کار ڈیوڈ رائلی نے کہا کہ امریکہ کے قرضوں کے تناسب کو مستحکم بنانے کے لیے مزید بچتی اقدامات کی ضرورت پڑے گی لیکن دیکھنا یہ ہے کہ آیا کانگریس میں ان اقدامات پر اتفاقِ رائے ہو سکے گا یا نہیں۔

جہاں Fitch کی جانب سے امریکہ کے لیے AAA کی توثیق پر واشنگٹن حکومت نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے، وہاں مالیاتی منڈیوں کی جانب سے کوئی زیادہ پُرجوش ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا ہے۔ ایک اور ریٹنگ ایجنسی Moody بھی امریکہ کو سردست AAA کی ریٹنگ ہی دے رہی ہے تاہم Fitch کے برعکس اُس کا اندازہ یہ ہے کہ امریکہ میں معاشی صورتِ حال آگے چل کر خراب ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں