ریو اولمپک مقابلے اختتام پذیر
اس سلسلے میں اتوار کی شام ریو ڈی جینرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں شاندار اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ان کھیلوں میں امریکا ایک سو اکیس تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر رہا جبکہ جرمنی کا نمبر پانچواں رہا۔
شکریہ ریو
ریو اولمپک مقابلوں کی اختتامی تقریب کا سماں خوابیدہ تھا۔ افتتاحی تقریب کی طرح شاندار آتشبازی سے رات روشن ہو گئی بلکہ دلفریب رقص اور موسیقی نے بھی ماراکانا اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے دل جیت لیے۔
بھرپور پروگرام
برازیل میں منعقدہ اولمپک مقابلوں کی اس اختتامی تقریب میں ایک کارنیول کا سماں تھا، جس میں مستی، جوش اور بے خودی نے اس لاطینی امریکی ملک کی روایتی گرمجوشی کو عیاں کر دیا۔ اس تصویر میں مشہور سپر ماڈل ازابیل اپنے مخصوص انداز میں۔
آتشبازی سے اختتام
اتوار کی شب ریو ڈی جینرو میں موسم اچھا نہیں تھا۔ بارش اور تیز ہواؤں کے باوجود اس اختتامی تقریب میں ہوش ربا آتشبازی کا مظاہرہ تماش بینوں کے لیے توجہ کا مرکز رہا۔
بارش کچھ بگاڑ نہ سکی
تماش بینوں نے ماراکانا اسٹیڈیم میں بیٹھ کر اس شاندار اختتامی تقریب کے مزے لیے لیکن باہر شدید بارش جاری تھی۔ تاہم خراب موسم سے اس تقریب کی رنگینی متاثر نہ ہو سکی۔
لطف اندوز تو ہونا ہی ہے
ریو اولمپک مقابلوں میں شریک ایتھلیٹس بھی اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔ کچھ نے تو بارش میں بھیگ کر بھی انجوائے کیا۔ اس موقع پر سیلفیاں لینا تو کوئی انوکھی بات نہیں۔
جرمن دستے کی نمائندگی
کشتی کی ریس میں دو مرتبہ اولمپک چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے جرمن ایتھلیٹ سباستیان برینڈل نے اس تقریب میں جرمن دستے کی نمائندگی کی۔ جرمن ایتھلیٹس نے ریو اولمپک مقابلوں میں مجموعی طور پر بیالیس میڈل اپنے نام کیے۔
اتحاد کا مظاہرہ
اختتامی تقریب میں تمام ممالک کے ایتھلیٹس ماراکانا اسٹیڈیم میں جمع ہوئے۔ انہیں اس تقریب کو قریب سے دیکھنے کے لیے مخصوص نشستیں فراہم کی گئیں۔
برازیل کا قومی ترانہ
اختتامی تقریب کا انعقاد بلاشبہ بہترین انداز میں کیا گیا۔ اختتام پر بچوں نے مل کر برازیل کا قومی ترانہ گایا۔ ان کھیلوں کے شاندار اختتام کے بعد برازیل میں اب اگست میں روایتی کارنیوال کا اہتمام کیا جائے گا۔
رنگا رنگ اور مترنم
اس اختتامی تقریب میں میزبان ملک کی روایات کو عمدہ طریقے سے اجاگر کیا گیا۔ اس دوران اسٹیڈیم میں موجود تماش بینوں نے بھی انجوائے کیا۔ بارش اور خراب موسم اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے موڈ پر اثرانداز نہ ہوسکا۔
آئندہ اولمپک مقابلے جاپان میں
جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے بھی ریو اولمپک مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے اور انہوں نے ایک مختصر سے تقریر بھی کی۔ آئندہ اولمپک مقابلے ٹوکیو میں منعقد کیے جائیں گے۔
اختتام کا باقاعدہ اعلان
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھوماس باخ نے ریو اولمپک مقابلوں کے اختتام کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود تماش بینوں اور ایتھلیٹس نے باخ کا شاندار طریقے سے استقبال کیا۔
اولمپک شمع بجھا دی گئی
تھوماس باخ کے اختتامی کلمات کے بعد اولمپک شمع بجھا دی گئی۔ ریو اولمپک مقابلوں میں امریکا نے سب سے زیادہ یعنی ایک سو اکیس تمغے جیتے۔ ان میں چھیالیس گولڈ، سینتیس سلور جبکہ اڑتیس کانسی کے تمغے شامل تھے۔
ایتھلیٹس کی خوشیاں
ریو اولمپک مقابلوں میں میڈل جیتنے کے حوالے سے برطانیہ 67 تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ برطانوی ایتھلیٹس نے ستائیس گولڈ، تئیس سلور اور سترہ کانسی کے تمغے جیتے۔ تیسرے نمبر پر چین رہا، جس کے ایتھلیٹس نے مجموعی طور پر ستر میڈل اپنے نام کیے۔ ان میں چھبیس گولڈ، اٹھارہ سلور اور چھبیس کانسی کے میڈل تھے۔