1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ، امریکی امداد خطرے میں

9 فروری 2011

امریکی حکام نے ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے مطالبے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس امریکی شہری کو آزاد نہ کیا گیا تو پاکستان کو دی جانے والی امداد میں کٹوتی کی جا سکتی ہے

https://p.dw.com/p/10DqY
تصویر: picture alliance/dpa

امریکی ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی کے دو اعلیٰ اہلکاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنٰی دیتے ہوئے رہا نہ کیا گیا تو امریکہ کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی امداد خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ گزشتہ ماہ لاہور میں دو پاکستانی باشندوں کو قتل کرنے والی امریکی شہری کا مؤقف ہے کہ اس نے یہ قتل اپنے دفاع میں کیے تھے۔

واشنگٹن نے پاکستانی حکام کو پہلے ہی خبردار کر رکھا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے معاملے کو طول دینے کی وجہ سے دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹیجک مذاکرات بھی معطل کیے جا سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کے تین ممبران نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو مطلع کر دیا ہے کہ امریکی کانگریس غور کر رہی ہے کہ پاکستان کو دی جانے والی امداد میں کس طرح کٹوتی کی جاسکتی ہے۔

Pakistan Präsident Asif Ali Zardari vereidigt
صدر پاکستان آصف علی زرداریتصویر: AP

ریپبلکن جان کلائن نے امریکہ واپس پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’ یہ ضروری ہے کہ ڈیوس کو رہا کر دیا جائے، اگر اسے آزاد نہ کیا گیا تو یقینی طور پر یہ امر واضح ہے کہ اس کے برے نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ اس معاملے کو لے کر امریکی کانگریس پاکستان کو دی جانے والی امداد میں کٹوتی کر دے۔

امریکی ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ بک میکوئن نے بھی کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو رہا نہ کیے جانے کی صورت میں پاکستانی امداد میں کمی ہو سکتی ہے۔

دوسری طرف صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اس مخصوص صورتحال کے تناظر میں اہم قومی مسائل پر مشاورت کے لیے پارلیمانی پارٹیوں کےنمائندوں کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات تجویز کی ہے۔ صدراتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ اس ملاقات کی تاریخ اس وقت طے کی جائے گی جب تمام سیاسی جماعتیں اس راؤنڈ ٹیبل مذاکرات میں شرکت کے لیے تیار ہو جائیں گی۔

صدر پاکستان کی طرف سے یہ راؤنڈ ٹیبل مذاکرات کا منصوبہ اس وقت پیش کیا گیا جب ایک روز قبل پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کیمرون منٹر نے ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لیے خصوصی زور دیا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں