1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راہول گاندھی کانگریس کے نائب صدر منتخب

20 جنوری 2013

سونیا گاندھی کے فرزند راہول گاندھی کو بھارتی حکمران جماعت کانگریس کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/17Ngo
تصویر: AP

سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی اور کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے صاحبزادے راہول گاندھی کو پارٹی کا نائب صدر منتحب کیے جانے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کانگریس آئندہ انتخابات میں انہیں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کھڑا کرے گی۔

ہفتے کے روز کانگریس کے ترجمان جناردھن دوئویدی نے صحافیوں کو بتایا کہ بیالیس سالہ راہول گاندھی کو جے پور میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے منتخب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’اس فیصلے سے جماعت طاقتور اور کانگریس کی صدر کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔‘‘

اس اعلان کے سامنے آتے ہی کانگریس کے کارکنوں نے آتش بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

Indien Delhi Nationalist Congress Party Singh Rahul Gandhi
’’اس فیصلے سے جماعت طاقتور اور کانگریس کی صدر کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔‘‘تصویر: picture-alliance/dpa

کانگریس پارٹی کے بہت سے عہدیدار یہ سمجھتے ہیں کہ راہول گاندھی کو دو ہزار چودہ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کے طور پر اتارا جائے۔ واضح رہے کہ راہول کے والد راجیو گاندھی، دادی اندرا گاندھی، اور پڑ دادا نہرو سبھی بھارتی وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔

دوئویدی نے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا ان کی جماعت راہول کو وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ آئندہ کسی وقت کیا جائے گا۔

مبصرین کے مطابق بھارت میں آئندہ انتخابات کا اسٹیج تیار ہو چکا ہے اور اس کے دو اہم کھلاڑی اپوزیشن جماعت بھارتیا جنتا پارٹی کے نریندر مودی اور کانگریس کے راہول گاندھی ہوں گے۔

کانگریس کو اس وقت بد عنوانی سے متعلق متعدد اسکینڈلز کا سامنا ہے۔ کانگریس اتر پردیش، گجرات اور پنجاب کے ریاستی انتخابات بھی ہار چکی ہے۔ ایسے میں مبصرین کی رائے ہے کہ نوجوان راہول گاندھی کانگریس کو دو بارہ اپنے پیروں پر کھڑا کر سکتے ہیں۔

(shs /ng (dpa, AFP, AP

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید