1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راحت فتح علی خان، نئی دہلی میں زیر حراست

14 فروری 2011

معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ حکام کو بتائے بغیر ایک لاکھ چوبیس ہزار امریکی ڈالر کی خطیر رقم کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/10GgU
راحت فتح علی خانتصویر: AP

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی اور مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق راحت فتح علی خان اپنے دو ایونٹ مینیجرز کے ہمراہ دبئی جا رہے تھے کہ اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر ریونیو انٹیلی جنس اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا۔

بتایا گیا ہے کہ راحت فتح علی خان نے بھارتی حکام کو یہ خبر نہیں دی تھی کہ وہ اتنی بڑی رقم کے ساتھ سفر کر رہے ہیں۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق راحت فتح علی خان کو اس وقت ایک گیسٹ ہاؤس میں زیر حراست رکھا گیا ہے اور انہیں آج پیر کو ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق راحت فتح علی خان کے بقول انہیں یہ رقم ایک بھارتی نجی کمپنی کے ایک عہدیدار نے دی تھی تاہم انہیں علم نہیں تھا کہ بھارت میں ایسا کوئی قانون بھی ہے، جس کے تحت انہیں اس بارے میں کسٹمز حکام کو خود ہی بتا دینا چاہیے تھا۔

Rahat Fateh Ali Khan
راحت فتح علی خان نئی دہلی میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئےتصویر: AP

بھارتی حکام کے مطابق راحت فتح علی خان براستہ دبئی لاہور جا رہے تھے کہ ڈیپارچر لاؤنج میں چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کسٹمز حکام ان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ خبر ایجنسی پی ٹی آئی نے بھارتی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسٹمز حکام کو پہلے ہی سے معلوم تھا کہ راحت فتح علی خان اتنی بڑی رقم کے ساتھ سفر کر رہے ہیں۔

بھارت میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے اس معروف فنکار کے بارے میں ایسی خبروں کے بعد پاکستانی حکام نے بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھارت میں تعینات پاکستانی سفیر شاہد ملک کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ وہ اس معاملے پر بھرپور توجہ دیں۔

خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں بھارتی حکام نے پاکستانی گلوکارعدنان سمیع کے خلاف بھی ایسی ہی کارروائی کی تھی۔ وہ بھی غیر ملکی کرنسی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کےمرتکب پائے گئے تھے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک