1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ذوالقرنین حیدر کا پی سی بی کے خلاف قانونی ایکشن کا منصوبہ

24 جنوری 2011

دبئی سے پرسرار طور پر فرار ہونے والے پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین ذوالقرنین حیدر نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے کچھ اہلکاروں کے خلاف قانونی ایکشن لینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/101Z9
ذوالقرنین حیدرتصویر: AP

دبئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے دوران اچانک لندن فرار ہو جانے والے ذوالقرنین حیدر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ بورڈ PCB کے ان اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا اراردہ رکھتے ہیں، جنہوں نے ان کی دماغی صحت پر شبہ ظاہرکیا ہے۔

پیرکو اپنے فیس بک اکاؤنٹ کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ PCB کے چیف آپریٹنگ افسر سبہان احمد اور ٹیم کوچ انتخاب عالم کے علاوہ سابق سکیورٹی مینیجر خواجہ نجم جاوید کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔

Intikhab Alam Trainer Cricket Pakistan
پاکستانی کرکٹ ٹیم کوچ انتخاب عالمتصویر: AP

ذوالقرنین حیدر کے پرسرار فرار سے متعلق حقائق جاننے کے لئے PCB نے ایک انکوئری کمیشن قائم کیا تھا، جس نے اس معاملے پر تحقیقات کرنے کے بعد اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ذوالقرنین حیدر نہ صرف پیچیدہ شخصیت کے مالک ہیں بلکہ وہ کمزور اعصاب کے مالک بھی ہیں۔

دوسری طرف پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے خبر رساں اداروں کو بتایا ہے کہ وہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ذوالقرنین حیدر بورڈ کے خلاف کس بنیاد پر قانونی کارروائی کر سکتے ہیں،’ پاکستان میں کوئی بھی شہری کسی دوسرے شہری کے خلاف مقدمہ درج کر سکتا ہے لیکن اس کے لیے کوئی وجہ یا بنیاد ہونا ضروری ہے۔ میں بالکل نہیں سمجھ سکا کہ کس بنیاد پر وہ ہمارے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔‘

تفضل رضوی کے مطابق جب انہیں ذوالقرنین کی طرف سے کوئی نوٹس ملے گا تو ہی وہ اس بارے میں مزید تبصرہ کرنے کے قابل ہوں گے۔

ذوالقرنین حیدر لندن فرار ہونے کے بعد سے وہاں عارضی ویزے پر رہائش پذیر ہیں لیکن انہوں نے لندن میں پناہ کی درخواست جمع کروا رکھی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں