1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دی پاردیو نے روسی صدر سے ملاقات کے بعد پاسپورٹ پا لیا

6 جنوری 2013

فرانسیسی فلم سٹار جیراد دی پاردیو نے ماسکو میں اپنے مداح روسی صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کی ہے اور بعد میں روس کا پاسپورٹ حاصل کرکے وہاں کی شہریت بھی پا لی ہے۔

https://p.dw.com/p/17Eny
تصویر: Reuters

روسی صدر نے جمعرات کو ایک حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے دی پاردیو کو شہریت دینے کا فیصلہ صادر کر دیا تھا۔ دی پاردیو فرانس کے سوشلسٹ صدر فرانسوا اولانڈ کے اس منصوبے کے خلاف ہیں، جس کے تحت فرانس میں امراء پر 75 فیصد ٹیکس عائد کیے جانے کی بات کی گئی ہے۔ اس 64 سالہ اداکار و فلمساز کی جانب سے فرانس چھوڑنے کے فیصلے کی وجہ سے انہیں قوم کے ساتھ غداری کا الزام بھی دیا جا رہا ہے۔

روس کے سرکاری ٹیلی وژن پر آج صدر ولادی میر پوٹن اور جیراد دی پاردیو کو صدارتی دفتر میں گلے ملتے ہوئے دکھایا گیا۔ سرکاری ٹیلی وی کے مطابق یہ فرانسیسی اداکار کا ایک نجی دورہ تھا۔ صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان دیمتری پیکوف کے بقول صدر پوٹن اور دی پاردیو کے مابین ایک مختصر ملاقات ہوئی۔ ’’اس دورے کے موقع پر انہیں روسی پاسپورٹ دیا گیا۔‘‘ یہ واضح نہیں کیا گیا آیا روسی صدر نے خود فرانسیسی اداکار کو روس کا پاسپورٹ پیش کیا یا انہیں معمول کی کارروائی کے مطابق یہ پاسپورٹ دیا گیا۔

Gerard Depardieu als Cyrano de Bergerac
دی پاردیو کا شمار یورپ کے ممتاز اداکاروں میں ہوتا ہےتصویر: picture-alliance / dpa

دیمتری پیکوف کے بقول فرانسیسی اداکار نے روسی صدر کو اپنے پیشہ ورانہ مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا ہے۔ "Cyrano de Bergerac" اور "Green Card" جیسی مشہور فلموں میں جلوہ گر ہونے والے دی پاردیو روس میں خاصے مشہور ہیں۔ وہ مقامی ٹیلی وژن چینلز کے لیے متعدد اشتہارات میں بھی کام کر چکے ہیں۔

فرانسیسی اداکار نے پیرس حکومت کی نئی ٹیکس پالیسی سے بچنے کے لیے پہلے بیلجیئم میں گھر خریدا تھا۔ ان کے اس اقدام کو فرانسیسی وزیر اعظم ژین مارک ایرال Jean-Marc Ayrault نے غمناک اور حب الوطنی مخالف کا نام دیا تھا۔ اس کے جواب میں دی پاردیو نے بھرپور ردعمل ظاہر کیا اور روس کی شہریت حاصل کر لی۔ روسی صدر نے گزشتہ ماہ کہہ دیا تھا کہ دی پاردیو کو روس میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ روس میں آمدن پر 13 فیصد کا منجمد ٹیکس عائد ہے جبکہ فرانس میں اس کے برعکس نئی حکومت دس لاکھ یورو سالانہ سے زائد کمانے والوں پر 75 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی بات کر رہی ہے۔

روسی صدر کے بقول ان کے فرانس کے ساتھ قریبی اور خاص تعلقات ہیں اور اداکار دی پاردیو کے ساتھ گرمجوشی پر بھی تعلقات ہیں۔ پوٹن کے کچھ ناقدین البتہ کہتے ہیں کہ دی پاردیو کو روس کی شہریت دینا ایک ’کرتب‘ ہے، جس کے ذریعے صدر پوٹن روسی امراء کو بیرون ملک سرمایہ منتقل کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(sks/ at (Reuters