1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کے خلاف جنگ: جمہوری قدروں کا احترام ضروری: اوباما

صائمہ حیدر
7 دسمبر 2016

امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے ایک اہم خطاب میں امریکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اپنی جمہوری روایات کی پاسداری کریں۔ اوباما جلد ہی فوج کا کنٹرول نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے کرنے والے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2TsXX
USA Präsident Obama besucht MacDill Air Force Base
امریکی صدر اوباما نے امریکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اپنی جمہوری روایات کی پاسداری کریں تصویر: Reuters/K. Lamarque

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹامپا میں منگل چھ دسمبر کو قومی سلامتی کے حوالے سے اپنے الوداعی خطاب میں فوجی دستوں سے مخاطب ہوتے ہوئے صدر اوباما نے امریکی عوام سے تشدد اور عدم مساوات کی مذمّت  اور مذہبی آزادی اور شہری حقوق کے احترام کا مطالبہ بھی کیا۔ امریکی صدر نے اس موقع پر مزید کہا،’’ہم وہ قوم ہیں، جس کے بارے میں خوف کے پیرائے میں بات نہیں کی جاتی بلکہ اسے اُمید کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔‘‘

 اِس سے قبل صدر اوباما نے عراق و شام اور افغانستان میں امریکی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والی امریکی سینٹرل کمانڈ کے ارکان اور امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سے ملاقات کی۔

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر صدر اوباما نے دائیں بازو کے اِس عوامیت پسند رہنما کے پیش کردہ  بعض متنازعہ خیالات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے ہاں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک یا مخصوص گروپوں کے بارے میں  زیادہ جانچ پڑتال کو مسلّط نہیں کرتا۔

صدر اوباما نے کہا،’’ہم وہ قوم ہیں، جو آزادی پر یقین رکھتی ہے  اور اِسے برقرار رکھنا ہم میں سے ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ یہی وہ چیز ہے، جو ہمیں ظالموں اور دہشت گردوں سے الگ کرتی ہے۔‘‘ آٹھ سال تک صدارت کے عہدے پر فائز رہنے والے امریکی صدر باراک اوباما نے عراق اور افغانستان میں فوجی دستوں میں کمی لانے کے وعدے کا حوالہ بھی دیا۔

USA Donald Trump
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گےتصویر: Reuters/C. Allegri

فوجیوں سے اپنے خطاب میں اوباما کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے نیٹ ورک کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے اور اسامہ بن لادن سمیت اِس کے متعدد اہم رہنما ہلاک ہوئے۔ شام میں خانہ جنگی اور امریکا اور یورپ میں دہشت گردانہ حملوں کی لہر کے باوجود اوباما نے اِس بات پر زور دیا کہ امریکی قیادت میں بین الاقوامی فوجی اتحاد نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی کمر توڑ دی ہے اور یہ تنظیم اپنے زیرِ تسلط علاقوں سے کنٹرول کھو رہی ہے۔

اوباما کے خطاب کے بعد منگل چھ دسمبر ہی کو سیاست کے میدان میں نو آموز ڈونلڈ ٹڑمپ نے شمالی کیرولینا میں فیئٹ ویل کے مقام پر  اپنے حامیوں کی ایک ریلی سے خطاب میں دفاع اور خارجہ پالیسی کے امور پر بات کی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بیس جنوری کو صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ پرانی دوستیوں کو مستحکم کرتے ہوئے نئے تعلقات بھی بنانا چاہیں گے۔