1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوبارہ پوسٹ مارٹم کرایا جائے، مائیکل جیکسن کے خاندان کا مطالبہ

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: افسر اعوان28 جون 2009

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کے خاندان نے گلوکار کی پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایک نئی آٹوپسی کروائِی جائے۔

https://p.dw.com/p/IcWe
مائیکل جیکسن کو ’کنگ آف پاپ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھاتصویر: AP
Michael Jackson / Trauer
ٹورونٹو میں بھی مائیکل جیکسن کو خراجِ عقیدت پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہےتصویر: AP


مائیکل جیکسن کے خاندان والوں نے جیکسن کی موت سے متعلق بعض پہلوؤں پر غیر تسلّی بخش جواب ملنے پر غصّے کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کی موت سے متعلق بعض سوالات ایسے ہیں جن کے لیے جیکسن کا ایک مرتبہ پھر پوسٹ مارٹم کروایا جانا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ عالم گیر شہرت رکھنے والے پاپ اسٹار مائیکل جیکسن جمعرات کے روز حرکتِ قلب بند ہو جانے کے سبب لاس اینجلیس میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر نے پوری دنیا میں ان کے مدّاحوں کو سوگوار کردیا ہے۔

BdT Gefangene auf den Philippinen imitieren Michael Jackson Tanz
فلپائن میں مایئکل جیکسن کے مدّاح جیکسن کی طرز کا رقص پیش کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیںتصویر: AP


مائیکل جیکسن کی موت کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ لاس اینجلیس کی پولیس نے جیکسن کا ابتدائی پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد ان کی موت میں کسی ’گڑ بڑ‘ یا سازش کے امکان کو مسترد کردیا ہے تاہم پولیس کے مطابق ابھی ان کے مزید کئی ٹیسٹ ہونا باقی ہیں جن کے نتائج آنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

مائیکل جیکسن کی لاش کو ہفتے کے روز ان کے خاندان والوں کے حوالے کردیا گیا۔ تاہم ان کی لاش کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔

ادھر مائیکل جیکسن کے نجی ڈاکٹر سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جیکسن کے انتقال سے کچھ دیر قبل ان کے ڈاکٹر نے انہیں تکلیف ختم کرنے والا ایک انجیکشن یا ’پین کلر‘ دیا تھا۔ تاہم لاس اینجلیس پولیس کے مطابق وہ جیکسن کے ڈاکٹر کو اس حوالے سے مشتبہ نہیں سمجھ رہی ہے۔ تاہم مائیکل جیکسن کے اہلِ خانہ کو ڈاکٹر کے کردار پر شبہ ہے۔

Bildergalerie Michael Jackson
تیرہ برس کی عمر میں جیکسن اپنے بھائیوں کے ساتھ ’جیکسن فائو‘ نامی بینڈ میں پرفارم کرتے تھےتصویر: AP


دوسری جانب ہفتہ کے روز بھی دنیا بھر میں مائیکل جیکسن کے مدّاحوں نے ان کے انتقال پر سوگ منایا اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا۔

نیو یارک کے مشہور اپولو تھیٹر کے باہرجیکسن کے مدّاحوں نے ہزاروں کی تعداد میں جمع ہو کر آنجہانی ’کنگ آف پاپ‘ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ انیس سو انہتر میں جیکسن نے اپولو تھیٹر سے ہی اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

Trauer um Michael Jackson in Mexiko
مائیکل جیکسن کی ایک فین میکسیکو سٹی میں ان کی یادگاری تقریب میں غمزدہ حالت میںتصویر: AP


دوسری جانب مائیکل جیکسن کی اچانک موت کے بعد ان کے گانوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ان کے ریکارڈز دھڑا دھڑ فروخت ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے ان کے مشہور گانوں کا ایک مجموعہ تیّار کیا جا رہا ہے جس کو اتوار کے روز ریلیز کیا جائے گا۔

انیس سو بیاسی میں ’تھرلر‘ نامی البم کے منظرِ عام پر آنے کے بعد مائیکل جیکسن کو عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ ’تھرلر‘ آج کی تاریخ تک دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا میوزک البم ہے۔

مالی مشکلات کا شکار اور مختلف اسکینڈلز میں پھنسے مائیکل جیکسن جولائی کے مہینے سے کانسرٹس کا ایک سلسلہ شروع کرنے والے تھے اور اس ضمن میں ان کا پہلا کانسرٹ تیرہ جولائی کا لندن میں ہونا تھا۔