1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں اوسط عمر بڑھ گئی

عابد حسین27 اگست 2015

ایک تازہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں لوگوں کی اوسط عمر میں اضافہ ہوا ہے۔ سن 1990 کے بعد سے اوسط عمر میں یہ اضافہ قدرے سست روی سے ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GMnA
تصویر: Fotolia/Hunor Kristo

دنیا کے ایک سو اٹھاسی ملکوں سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق عام لوگوں کی اوسط عمر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیماریوں کے باوجود لوگوں کی اوسط عمر میں اضافہ مثبت صحت مندی کی علامت ہے۔ معتبر طبی تحقیقی جریدے ’’لانسیٹ‘‘ میں شائع ہونے والی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر عمومی صحت میں بہتری کی وجہ کئی مؤثر ادویات کا متعارف کروانا ہے۔ مؤثر ادویات کئی مُوذی و مُتعدی امراض کے علاج کے سلسلے میں کامیاب طبی ریسرچ کا نتیجہ ہیں۔

طبی جریدے لانسیٹ میں شائع ہونے والی اس تجزیاتی رپورٹ کو مرتب کرنے والی ٹیم کے سربراہ پروفیسر تھیو ووس ہیں اور وہ واشنگٹن یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میٹرکس سے وابستہ ہیں۔ پروفیسر ووس کا کہنا ہے کہ دنیا نے صحت کے شعبے میں مثبت ترقی ضرور کی ہے لیکن متعدی امراض کی افزائش اور انسانی جسم میں معذوری کا باعث بننے والی بیماریوں کا چیلنج ابھی باقی ہے۔ ووس کے مطابق انسانوں نے اِس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ابھی مؤثر طریقے ڈھونڈنے ہیں۔

Altenpflegerin Krankenschwester Alte Menschen Flash-Galerie
دنیا نے صحت کے شعبے میں مثبت ترقی کی ہےتصویر: Fotolia/Alexander Raths

پروفیسر تھیو ووس کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر عورتوں اور مردوں کی اوسط عمر میں گزشتہ بیس برس کے عرصے میں چھ فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سن 1990 میں مردوں اور عورتوں کی اوسط عمر 65.3 برس تھی جو اب دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد سن 2013 میں 71.5 برس ہو گئی ہے۔ اسی طرح صحت مندی میں بھی پانچ فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سن 1990 میں خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں میں صحت کا تناسب 57 فیصد کے قریب تھا جو اب 62 فیصد سے زائد ہو گیا ہے۔

صحت مندی کے مجموعی تناسب کے حصول میں ہلاکتوں اور اموات کے اثرات کو بھی مدِ نظر رکھا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ انسانوں میں پائی جانے والی مختلف بیماریوں مثلاً عوارضِ قلب، نظام تنفس کی بیماریوں، ذیابیطُس اور شدید نوعیت کی چوٹوں کو بھی سروے کے دوران شامل کیا گیا اِس سروے کے مطابق سن 1990 کے بعد دنیا کے 188 ملکوں میں صحت مندی کے حوالے سے مثبت شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ اِس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جنوبی افریقہ، پیراگوئے اور بیلا رُوس میں زیادہ سے زیادہ اوسط عمر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ لیسوتھو میں زیادہ سے زیادہ اوسط عمر بیالیس برس ہے اور یہ دنیا بھر میں سب سے کم ہے جب کہ جاپان میں مجموعی اوسط عمر سب سے زیادہ ہے اور یہ 72 برس سے زائد ہے۔