1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی پوزیشن مضبوط

14 نومبر 2010

دبئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز محمد حفیظ کی نصف سینچری کے باعث پاکستانی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/Q87E
تصویر: AP

جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں بنائے گئے 380 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان اب تک دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 144 رنز بنا چکا ہے۔ پاکستان کی طرف سے محمد حفیظ نے صرف 89 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تیز رفتار 60 رنز بنائے۔ دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کی طرف سے دئے گئے ٹوٹل سے 236 رنز کے فاصلے پر ہے۔

Graeme Smith
جنوبی افریقہ کے کپتان گراہم سمتھتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے حفیظ اور توفیق عمر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری، جب محمد حفیظ Paul Harris کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانی ٹیم کو دوسرا نقصان حفیظ کی وکٹ گرنے کے صرف چھ رنز بعد توفیق عمر کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ توفیق عمر مورکل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز‍ کا خاتمہ سعید اجمل نے کھانے کے وقفے کے 26 منٹ بعد مورکل کی وکٹ حاصل کر کے کیا۔ مورکل دس رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کپتان سمتھ نے 100 رنز بنائے ان کے علاوہ پیٹرسن 67، املا 80 اور ژاک کیلس 73 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا، تو یہ دن پاکستانی بولرز کے نام رہا۔ کھانے کے وقفے سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم نے صرف 54 رنز کے عوض چھ وکٹیں گنوائیں۔ جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن اپ کو پچھاڑنے میں سب سے اہم کردار عمر گل نے ادا کیا۔ انہوں نے 8.3 اوورز میں 19 رنز کے عوض تین کھلاڑی آؤٹ کئے۔ انہوں نے مجموعی طور پر تیس اوور کرائے اور سو رنز دئے۔ عبدالرحمان نے 101 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض اورسعید اجمل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے روز کے اختتام پر اظہر علی 12 جبکہ یونس خان 21 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں