1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی ایئر شو: کاروباری سودوں کے حصول میں بوئنگ کو برتری

عابد حسین18 نومبر 2013

دبئی ایئر شو ہر دو سال بعد متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ایک حصے پر منعقد کیا جاتا ہے۔ اِس ایئر شو کے انعقاد کا سلسلہ سن 1989 میں شروع کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1AJEG
تصویر: Reuters

گزشتہ چوبیس برسوں میں دبئی کے بین الاقوامی ایئر شو میں نمائش کنندگان کی تعداد سینکڑوں میں پہنچ گئی ہے۔ اس ہوائی میلے کا اہتمام خلیجی ریاست دبئی، متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج اور دبئی ایئرپورٹ کے تعاون سے کیا جاتا ہے۔ رواں برس کے میلے میں کمرشل ہوائی جہاز ساز اداروں بوئنگ اور ایئربس کو 141 ارب ڈالر کے نئے آرڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس شو کا آغاز امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ہوائی جہاز ٹرپل سیون ایکس (777X) کی نمائش سے کیا گیا۔ چوڑی جسامت یا باڈی والا طویل مسافت طے کرنے والا یہ جہاز عام مارکیٹ میں سن 2020 میں پیش کیا جائے گا۔

دبئی ایئر شو میں اتحاد ایئرویز نے 18 ارب ڈالر کے بوئنگ طیارے خریدنے کے فیصلے کو حتمی شکل دی۔ اس سودے میں 25 ٹرپل سیون ایکس شامل ہیں۔ اس کاروباری ڈیل کی بوئنگ کمپنی نے تصدیق کر دی ہے۔ اتحاد ایئر ویز نے بوئنگ کمپنی کے 30 ڈریم لائنرز خریدنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بوئنگ کمپنی کو پہلی مرتبہ اتنی تعداد میں ڈریم لائنرز فراہم کرنے کا سودا ملا ہے۔ ابوظہبی سے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک قائم کرنے والی اتحاد ایئر ویز نے ایسا عندیہ بھی دیا ہے کہ وہ بوئنگ کمپنی سے مزید 26 ہوائی جہاز خریدنے پر غور کر رہی ہے۔ اس طرح اتحاد ہوائی کمپنی کی کاروباری ڈیل کی کُل مالیت 25 ارب ڈالر سے کہیں زائد بنتی ہے۔ خلیجی ریاست قطر کی قومی ہوائی کمپنی نے بھی بوئنگ طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Airbus A380 bei der Dubai Air Show
تیرہویں دبئی ایئر شو کا انعقاد حال ہی مکمل کیے جانے والے المکتوم انٹرنیشنل کے وسیع و عریض رقبے پر کیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی سے وسیع فضائی نیٹ ورک رکھنے والی بین الاقوامی ہوائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے ہوائی جہازوں کے دستے میں اضافے کی بوئنگ اور ایئر بس کے ساتھ ڈیل مکمل کی ہے۔ اس ڈیل کی مالیت 99 ارب ڈالر ہے۔ اس ڈیل میں بوئنگ کو زیادہ جہازوں کی سپلائی کا آرڈر دیا گیا ہے۔ ایمریٹس نے 150 ٹرپل سیون ایکس (777X) خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بوئنگ کمپنی کے مطابق ایمریٹس کے ساتھ طے پانی والی ڈیل کی مالیت 55 ارب ڈالر سے زائد کی ہے۔ ایمریٹس نے یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کے ساتھ بھی کئی ارب ڈالر کا ایک سودا طے کیا ہے اور اس کے تحت 50 سپر جمبو A380 طیارے فراہم کیے جائیں گے۔ اتحاد ایئر ویز نے بھی ایئر بس کے سپر جمبو A380 طیارے خریدنے کا سودا مکمل کیا ہے۔

دبئی ایئر شو میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے 155 ارب ڈالر کے سودوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ رواں برس جون فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں منعقد کیے جانے والے Le Bourget ایئر شو میں مختلف ہوائی کمپنیوں کو 115 ارب ڈالر کے کاروباری سودے حاصل ہوئے تھے۔ مبصرین کے مطابق دبئی ایئر شو میں کاروباری سودوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔ رواں برس کے ہوائی میلے میں ایک ہزار نمائش کنندگان موجود ہیں۔ مختلف 150 ہوائی کمپنیوں کے اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔ تیرہویں دبئی ایئر شو کا انعقاد حال ہی مکمل کیے جانے والے المکتوم انٹرنیشنل کے وسیع و عریض رقبے پر کیا گیا ہے۔