1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خیرات کی تقسیم کے موقع پر بھگدڑ، کم از کم دس خواتین ہلاک

14 مئی 2018

بنگلہ دیش میں غریبوں میں خیرات کی تقسیم کے موقع پر بھگدڑ پڑنے کے نتیجے میں کم از کم 10 خواتین ہلاک ہو گئی ہیں۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق اس بھگدڑ کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/2xgVy
تصویر: bdnews24.com

بنگلہ دیش میں ایک مقامی کاروباری شخصیت کی جانب سے رمضان سے قبل زکواة کی تقسیم کے موقع پر بھگدڑ مچ جانے کے نتیجے میں کم از کم دس خواتین ہلاک ہوگئی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے بنگلہ دیشی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بگھدڑ کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مقامی روایات کے مطابق مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے آغاز سے قبل لوگ زکواة کی ادائیگی کے طور پر اشیاء اور پیسے تقسیم کرتے ہیں۔ رواں ہفتے بدھ یا جمعرات سے ماہ رمضان کا آغاز ہونا ہے۔

بنگلہ دیش: مفت خوراک کی تقسیم کے وقت بھگدڑ، دس افراد ہلاک

چٹاگانگ کے ایک سینیئر پولیس اہلکار رفیق العالم کے مطابق بھگدڑ مچنے کا یہ واقعہ چٹاگانگ کے ایک علاقے میں اس وقت پیش آیا، جب مقامی اسٹیل مل کے ایک مالک کے گھر کے باہر غریبوں میں کپڑے اور دیگر اشیاء تقسیم کی جا رہی تھیں۔ پولیس کے مطابق اس موقع پر دس سے بارہ ہزار افراد یہ اشیاء لینے کے لیے جمع تھے۔

رفیق العالم نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ’’وہاں 10 سے 12 ہزار کے قریب لوگ جمع تھے جن میں خواتین اکثریت میں تھیں۔ زکواة کے حصول کے لیے یہ لوگ ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے تھے جس کے نتیجے میں وہاں بھگڈر کا واقعہ پیش آیا۔‘‘

Hitzewelle in Chattogram, Bangladesch
’’10 سے 12 ہزار کے قریب لوگ وہاں جمع تھے جن میں خواتین اکثریت میں تھیں‘‘ تصویر: bdnews24.com

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو ایک قریبی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی اور اس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

بنگلہ دیش کے جنوبی بندرگاہی شہر چٹاگانگ میں گزشتہ برس دسمبر میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب شہر کے ایک سابق میئر کے خاندان کی طرف سے ایک مقامی سماجی مرکز میں  ضرورت مند شہریوں میں مفت خوراک کے پیکٹ تقسیم کرنے کے موقع پر بھگدڑ مچ جانے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بنگلہ دیش میں لاکھوں افراد غیر مناسب حالات میں کام کرنے پر مجبور

ا ب ا / ع ت (روئٹرز)