1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین کے استحصال کی ویڈیو، تین مرد گرفتار

عابد حسین
29 مئی 2017

ایک بھارتی ٹیلی وژن چینل پر دو خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ چھیڑخوانی کی ایک ویڈیو نشر کی گئی ہے۔ اس کے بعد پولیس نے تین مردوں کو دو عورتوں کے ساتھ جبر و زیادتی کے الزام کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2dj9M
Indien Bangalore nach Silvester mit sexuellen Belästigungen
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Rahj

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک ضلع رام پور میں یہ واقعہ پیش آیا، جہاں چند مردوں نے دو خواتین  گھیر کر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی اور اِس گھناؤنے فعل کی ویڈیو بھی بنائی۔ ٹیلی وژن پر نشر کی جانے والی ویڈیو قدرے دھندلی ہے اور مشتبہ افراد کو واضح طور پر دیکھا نہیں جا سکتا۔

اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ چند مرد دن دیہاڑے دو عورتوں کے ساتھ چھیڑخوانی کرنے انہیں ہراساں کرنے کے  علاوہ غیر فطری سلوک روا رکھے ہوئے ہیں۔ ارد گرد لوگ بھی کھڑے ہیں لیکن خواتین کی چیخ و پکار پر کوئی دھیان نہیں دے رہا بلکہ قہقہے لگانے کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں۔

ان مردوں نے ان خواتین کے ساتھ کیے جانے والے اس سلوک کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔ ان عورتوں کی شناخت اور عمریں بتائی نہیں گئی ہیں۔

Indien Protest gegen Vergewaltigung
بھارت میں جنسی زیادتیوں کے واقعات میں خاصا تسلسل دیکھا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Str

اتر پردیش کے ضلع رام پور کی پولیس کے سینیئر اہلکار محمد طارق نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعے کی ویڈیو کا بھرپور جائزہ لینے کے بعد تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ طارق کے مطابق اس واردات میں چار مرکزی ملزمان ہیں اور ان کی بھی تلاش جاری ہے۔ پولیس اس واقعے کی مزید تفتیش بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

این ڈی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے استحصال کا شکار ہونے والی ایک خاتون نے کہا کہ انہوں نے لوگوں سے بھی مدد مانگی لیکن نہ زیادتی کرنے والوں نے انہیں چھوڑا اور نہ ہی کوئی مدد کے لیے آگے بڑھا۔

اتر پردیش کے نئے وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ نے خواتین کے ساتھ زیادتی و ہراساں کرنے کے لیے مختلف شہروں کی سڑکوں اور گلیوں میں پولیس کو گشت کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔