1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین کریو پر مشتمل پرواز نے دنیا کے گرد چکر لگایا لیا

5 مارچ 2017

بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ تمام تر خواتین کریو پر مبنی اس کی فلائٹ نے دنیا کے گرد چکر لگا کر عالمی ریکارڈ بنا لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صرف خواتین پر مبنی کریو نے دنیا کے گرد چکر مکمل کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2YfFo
Indien New Delhi - Air India Flugzeug im Landeanflug Indira Gandhi International Airport
تصویر: picture-alliance/AP Photo

ایئر انڈیا کی یہ فلائٹ پیر 27 فروری کو نئی دہلی سے سان فرانسسکو کے لیے روانہ ہوئی اور جمعہ تین مارچ کو واپس بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچی۔ ایئر انڈیا کے مطابق امریکا جاتے ہوئے بوئنگ 777 نے بحر الکاہل کے اوپر سے پرواز کی جبکہ واپسی کے سفر میں اس فلائٹ نے بحر اوقیانوس کے اوپر سے پرواز کی۔ اس طرح اس نے کرہ زمین کے گرد چکر مکمل کیا۔

ایئر انڈیا کے مطابق اس منفرد ریکارڈ کو گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کرانے کے لیے اس کی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔

Indien Neu-Delhi - India All Female Crew
ایئر انڈیا نے رواں برس جنوری میں اپنے جہازوں پر صرف اور صرف خواتین کے لیے مخصوص حصوں میں نشستیں فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Frayer

پائلٹس اور کیبن کریو کے ساتھ ساتھ اس پرواز کے لیے چیک اِن اور گراؤنڈ ہینڈلنگ اسٹاف کے علاوہ جہاز کو پرواز کا سرٹیفیکیٹ دینے اور اس کی روانگی اور آمد کے وقت ایئرٹریفک کنٹرولرز کی تمام تر ذمہ داریاں خواتین نے ہی نبھائیں۔

ایئر انڈیا کے مطابق خواتین کے عالمی دن کو منانے کے لیے تمام تر خواتین پر مبنی کریو کی حامل مزید فلائٹس بھی چلائی جائیں گی۔ خواتین کا عالمی دن ہر سال آٹھ مارچ کو منایا جاتا ہے۔

بھارت کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے رواں برس جنوری میں اپنے جہازوں پر صرف اور صرف خواتین کے لیے مخصوص حصوں میں نشستیں فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔ یہ فیصلہ ایسی رپورٹس کے بعد کیا گیا جن کے مطابق ساتھی مرد مسافروں کی طرف سے اکیلے سفر کرنے والی خواتین مسافروں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔