1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خاتون روسی صحافی آنا پولِٹ کووسکایا کے کیس کی تحقیقات

28 اگست 2007

ایک سال پہلے قتل ہو جانے والی روسی صحافی Politkovskaya Anna ماسکو حکومت کے زبردست ناقدوں میں سے ایک تھیں۔ اب ٹھیک ایک سال بعد اُن کے قتل کے الزام میں دَس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں روسی سیکیورٹی فورسز کے افسران کے ساتھ ساتھ ایک چیچن جرائم پیشہ گروہ کا سربراہ بھی شامل ہے۔ 28 اگست کو اِن دَس میں سے کم از کم چار ملزمان پر فردِ جرم عاید کر دی گئی۔

https://p.dw.com/p/DYGb
مقتول خاتون روسی صحافی آنا پولِٹ کووسکایا
مقتول خاتون روسی صحافی آنا پولِٹ کووسکایاتصویر: AP

جب روسی اٹارنی جنرل ژُوری چائیکا نے ملک میں سلامتی کی صورتِ حال اور روس میں حالیہ دہشت پسندانہ حملوں کے سلسلے میں صدر ولادی میر پوٹین کے ساتھ ملاقات کی تو ساتھ ہی اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک سال پہلے قتل ہو جانے والی خاتون روسی صحافی آنا پولِٹ کووسکایا کے کیس کی تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں۔

ژُوری چائیکا کے مطابق مقتول صحافی Politkovskaya کے کیس میں کافی زیادہ پیشرفت ہوئی ہے اور اب تک اِس کیس کے سلسلے میں دَس افراد گرفتار کئے گئے، جن پر جلد ہی اِس سنگین جرم کے لئے فردِ جرم عاید کی جائے گی۔

28 اگست کے روسی اخبارات نے یہ خبر نمایاں طور پر شائع کی۔ زیادہ تر اخبارات نے پراسیکیوٹر جنرل چائیکا ہی کی تائید میں اشارے سے یہ کہا کہ یہ قتل لندن میں جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ماسکو حکومت کے سخت حریف بورِس بے رے زووسکی کے حکم پر ہوا اور اِس کا مقصد روس میں عدم استحکام کی فضا پیدا کرنا اور روسی حکومت کو بدنام کرنا تھا ۔ یہ وہی بات ہے، جو سات اکتوبر سن 2006ء کو پولِٹ سکووسکایا کے قتل پر ماسکو حکومت کی طرف سے کہی بھی گئی تھی۔ تاہم آزاد اخبار نووایا گازیٹا نے، جہاں یہ مقتول صحافی کام کرتی تھی، زیادہ اہمیت اِس انکشاف کو دی ہے کہ یہ کام پولیس اور فیڈرل سیکیورٹی سروس FSB کے حاضرسروِس اور سابق اہلکاروں کاہے۔ اپنے ادارے میں اخبار لکھتا ہے کہ اِس سے مقتدر ڈھانچوں اور مجرمانہ سرگرمیوں کا وہ تعلق ثابت ہو گیا ہے ، جس کے بارے میں آنا پولٹ سکووسکایا لکھا کرتی تھی اور یہ کہ اِس گٹھ جوڑ کی مزید تفصیلات منظرِ عام پر آنے کے بعد کئی اور ملتے جلتے کیسوں کی گتھیاں بھی سلجھ جائیں گی۔

پراسیکیوٹر جنرل چائیکا نے بھی اِس اخبار کی تعریف کی۔ چائیکا نے کہا کہ وہ اخبار نووایا گازیٹا اور اُس کے ادارتی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی عملی مدد سے اِس کیس کو حل کیا جا سکا۔

دو بچوں کی ماں، 48 سالہ پولِٹ سکووسکایا نے اپنی زندگی داؤ پر لگا کر چیچنیہ اور شمالی قفقاز میں سیکیورٹی فورسز کے مظالم پر سے پردہ اُٹھایا اور اُنہیں اپنے قتل سے پہلے متعدد مرتبہ دھمکیاں بھی دی گئیں۔ قتل کے کیس میں روسی محکموں کی عدم دلچسپی کے پیشِ نظر امریکی صدر جورج ڈبلیو بُش اور یورپی رہنماؤ ں نے روسی صدر پوٹین کے ساتھ ملاقاتوں میں یہ موضوع اُٹھایا اور اُن پر زور دیا کہ وہ اِس قتل کے ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں۔

پولِٹ سکووسکایا کے وکلاء نے قتل کے اِس کیس میں تازہ پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے، لیکن اُن کا کہنا ہے کہ اِس کیس میں سیاست کا عمل دخل بہت زیادہ ہے۔ اُدھر لندن میں جلاوطن روسی شخصیت بورِس بے رے زووسکی نے بھی کہا ہے کہ حکومت اِن تازہ انکشافات کے ذریعے کوئی سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے۔

بین الاقوامی تنظیم Reportres without Borders نے اِس خاتون صحافی کے قتل سے متعلق مزید تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اِس بات کو ہدفِ تنقید بنایا ہے کہ روس میں ماضی میں صحافیوں کے قاتلوں کو سزا نہیں دی گئی۔ سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد سے اب تک روس میں 219 صحافی قتل ہو چکے ہیں، جن کی موت کا معمہ پورے طور پر حل نہیں کیا جا سکا۔ صرف اِس سال اب تک پانچ صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔