1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حمیرا بچل کا عالمی یوم خواتین پر پیغام

7 مارچ 2018

پاکستان میں کئی ایسی خواتین موجود ہیں، جن کی معاشرے کی ترقی کے لیے کردار کا اقرار صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی کیا گیا۔ انہی میں شامل  بچیوں کی تعلیم کے لیے کوشاں حمیرا بچل کا خواتین کے عالمی دن پر پیغام۔

https://p.dw.com/p/2ts9T
Pakistan Humaira Bachal DW Local hero
تصویر: Wajih Shairani

کراچی کے ایک ایسے علاقے میں، جہاں تعلیم کا تصور نہیں تھا اور بچیوں کا گھر سے نکلنا معیوب سمجھا جاتا تھا، وہاں حمیرا بچل نے نہ صرف خود تعلیم حاصل کی بلکہ بہت ہی چھوٹی عمر سے ’’ڈریم ماڈل اسٹریٹ اسکول‘‘ کا خواب دیکھا اور اسے عملی جامہ پہنایا۔ حمیرا اپنے خاندان کی پہلی لڑکی ہی نہیں بلکہ وہ پہلی فرد بھی ہیں جس نے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے نو عمری میں ہی اپنے علاقے کی بچیوں کو لکھنا پڑھنا سکھانا شروع کیا اور آہستہ آہستہ اسے ایک پراجیکٹ کی شکل دی۔  ابتدا میں دس بچوں کو تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا اور اب تک وہ ہزاروں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر چکی ہیں۔

حمیرا کی ان تھک کاوشوں کا اعتراف صرف ان کی کمیونٹی میں ہی نہیں کیا جا رہا بلکہ عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کا ثبوت انٹرنیشنل ٹیچر پرائز 2016ء میں حمیرا کا ایوارڈ کے لیے نامزد ہونا ہے، جس میں دنیا کے 148 ممالک کی جانب سے آٹھ ہزار سے زائد افراد امیدوار تھے۔ حمیرا کا انتخاب ایوارڈ کے لیے نامزد چالیس حتمی امیدواروں میں کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے کی ڈاکومنٹری ’’حمیرا، دا ڈریم کیچر‘‘ نے بھی عالمی سطح پر دنیا کی توجہ حمیرا کی جانب مبذول کروائی۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ دنیائے موسیقی کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ میڈونا بھی حمیرا کے کام کے معترف ہیں اور چند برسوں سے ان کے اسکول کے لیے فنڈز بھی فراہم کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ سلمیٰ ہائیک پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے جدوجہد کرنے والی اس سماجی کارکن کی زندگی پر’’حمیرا، دا گیم چینجر‘‘ کے عنوان سے ایک دستاویزی فلم بھی بنا چکی ہیں۔

London Chime For Change Madonna Humaira Bachal and Sharmeen Obaid-Chinoy
تصویر: Getty Images/T. Whitby

پیغام:

’’ ہم عورتیں خوبصورت اور مضبوط، ہم عورتیں اس قوم و ملت کی شاہکار، ہم سے ہی ہے تصویر کائنات میں رنگ، ہم سے زیادہ کوئی مضبوط نہیں، ہم اپنی کوکھ میں مردوں کو سمانے والیاں، اس دھرتی کو چلانے والیاں۔  ترقی کی اس دوڑ میں لازم ہے کہ ہم اپنی خواتین کو شمولیت دیں اور اپنے ساتھ حصہ داری دیں تاکہ ہم خوبصورت قوم و ملت کی تعمیر کر سکیں۔ اور ہم عورتوں کو خود پر یقین کرنا ہوگا اور اپنی زندگی کو جینے کا جنون سیکھنا ہوگا۔کیونکہ ہر دن عورت کا دن ہے۔ ‘‘