1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جے پور میں بھارت کی ایک رن سے جیت

22 فروری 2010

بھارت نے جے پور ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر تین میچوں کی اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/M7R8
بھارتی کپتان دھونی اور یوسف پٹھانتصویر: AP

کپتان گریم سمتھ کے زخمی ہونے کے باعث اس سیریز میں ژاک کیلس جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔کیلس نے ٹاس جیت کر پہلے بھارتی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔

بھارت کی طرف سے سریش رینا نے 58، اوپنر وریندر سہواگ نے 46، دنیش کارتھک نے 44 جبکہ وراٹ کوہلی نے31 رنز اسکور کئے۔ ساوٴتھ افریقہ کی جانب سے کپتان ژاک کیلس سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، انہوں نے سات اوورز میں 29 رنز کے عوض تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔

Kricket Jacque Kallis
ژاک کیلس نے جے پور ون ڈے میں تین وکٹیں حاصل کیں اور 89 رنز بنائےتصویر: AP

جنوبی افریقہ نے 299 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اچھا آغاز کیا لیکن مڈل آرڈر میں اننگز لڑکھڑائی۔ ہرشل گبس اور لوٹس بوسمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنائے لیکن بوسمان کے آوٴٹ ہونے کے فوراً بعد ہی گبس بھی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان کیلس نے اکیلے ڈٹ کر بھارتی بولرز کا مقابلہ کیا لیکن مڈل آرڈر میں کوئی بھی بیٹسمین ان کا بھرپور ساتھ دینے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ کیلس میچ کے 43 ویں اوور میں 89 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سری شانت کا شکار بنے۔

Südafrika Sport Cricket Dale Steyn
جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل سٹینتصویر: AP

اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور225 رنز تھا اور کیلس آوٴٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی تھے۔ یوں لگنے لگا کہ جنوبی افریقہ میچ بڑے مارجن سے ہار جائے گا کیونکہ آخری سات اوورز میں مزید 74 رنز کی ضرورت تھی۔ لیکن جنوبی افریقی ٹیل اینڈرز وین پارنیل اور ڈیل سٹین نے زبردست دباوٴ اور مشکل ترین صورتحال میں سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شراکت میں ٹیم کے لئے 65 رنز جوڑے۔ سٹین نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے تین چھکے مارے جبکہ وین پارنیل سنگلز اور ڈبلز اسکور کرتے رہے۔ سٹین نے 19 گیندوں پر 35 رنز بنائے اور میچ کے آخری اوور میں عین آخری لمحات میں پروین کمار کا شکار بنے۔

آخری دو اوورز میں جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لئے 26 رنز درکار تھے، 49 ویں اوور میں اس نے 16 رنز بنائے۔ اس طرح آخری اوور میں مزید دس رنز کی ضرورت تھی لیکن جنوبی افریقہ صرف آٹھ رنز ہی اسکور کر سکا۔

بھارت کی طرف سے آل راوٴنڈر رویندر جڈیجہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دس اوورز میں محض 29 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 22 رنز بھی اسکور کئے، وہ ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ چوبیس فروری کو گوالیارمیں جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ ستائیس فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: ندیم گِل