1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوہری ہتھیار فائر کرنے کے لیے تیار رکھے جائیں، کِم یونگ اُن

افسر اعوان4 مارچ 2016

شمالی کوریا کے رہنما کِم یونگ اُن نے حکم جاری کیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کو کسی بھی وقت استعمال کے لیے تیار رکھا جائے۔

https://p.dw.com/p/1I7Pp
تصویر: Reuters/Korean Central News Agency

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی KCNA کے مطابق کم یونگ اُن نے حکم جاری کیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کو اس حد تک تیار رکھا جائے کہ انہیں کسی بھی لمحے فائر کیا جا سکے۔‘‘ شمالی کوریا کے نشریاتی اداروں کے مطابق اُن نے عسکری قیادت کو ہدایات دی ہیں کہ فوج کی پوزیشنوں کا بھی از سر نو جائزہ لیا جائے اور کسی ممکنہ حملے کی پیش بندی کے طور پر جوہری ہتیھاروں کو تیار رکھا جائے۔ اُن نے متنبہ کیا ہے کہ منقسم جزیرہ نما کوریا میں صورتحال اس قدر خطرناک ہو چکی ہے کہ شمالی کوریا کو اپنی فوجی حکمت عملی کو ’پیش بندی حملے‘ کی طرف منتقل کرنا پڑا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صورتحال میں کسی بھی کشیدگی کی صورت میں شمالی کوریا کی طرف سے اس طرح کے جنگجویانہ بیانات معمول ہیں۔

ابھی دو دن قبل ہی اقوام متحدہ نے اس کمیونسٹ ریاست پر جوہری اور عسکری سرگرمیوں کی وجہ سے پہلے سے عائد پابندیوں میں سختی کی ہے۔ تاہم اس اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی شمالی کوریا نے مزید میزائل تجربے کر ڈالے۔

شمالی کوریا کے پاس جوہری ہتھیاروں کا محدود ذخیرہ موجود ہے تاہم اکثر ماہرین کا خیال ہے کہ شمالی کوریا کے پاس یہ صلاحیت موجود نہیں ہے کہ وہ ہتھیاروں کو ہدف تک پہنچانے کے لیے میزائل ڈلیوری سسٹم پر نصب کر سکے۔ واشنگٹن حکومت کی طرف سے کِم یونگ اُن کی اس دھمکی کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی گئی۔ ایک امریکی دفاعی اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہم نے اب تک شمالی کوریا کی طرف سے ایسا کوئی ٹیسٹ نہیں دیکھا جس میں جوہری ہتھیار کا سائز کم کر کے اسے بین الاقوامی براعظمی میزائل نظام پر نصب کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہو۔‘‘ تاہم اس اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کے باوجود، ’’ہماری فورسز اس بات کے لیے تیار ہیں کہ وہ ضرورت پڑنے پر جوابی تباہ کن حملے کر سکیں۔‘‘

کِم یونگ اُن نے جوہری ہتھیار تیار رکھنے کا حکم گزشتہ روز نئے بڑے قطر کے میزائل نظام کے تجربے کے مشاہدہ کے موقع پر دیا
کِم یونگ اُن نے جوہری ہتھیار تیار رکھنے کا حکم گزشتہ روز نئے بڑے قطر کے میزائل نظام کے تجربے کے مشاہدہ کے موقع پر دیاتصویر: picture-alliance/dpa/Jeon Heon-Kyun

ادھر جنوبی کوریا کی صدر پارک گُن ہے نے کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا کوئی اشتعال انگیزی کرتا ہے تو اُسے ’سخت سزا‘ دی جائے گی۔

KCNA کے مطابق کِم یونگ اُن نے جوہری ہتھیار تیار رکھنے کا حکم گزشتہ روز نئے بڑے قطر کے میزائل نظام کے تجربے کے مشاہدہ کے موقع پر دیا۔ یہ تجربات سلامتی کونسل کی طرف سے شمالی کوریا کے خلاف نئی اور مزید سخت پابندیوں پر مشتمل قرار داد منظور ہونے کے چند گھنٹوں بعد کیے گئے۔

شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی تازہ پابندیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ پیونگ یانگ کے مطابق سلامتی کونسل کی جانب سے پہلے سے عائد پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔ شمالی کوریائی وزارت خارجہ کے مطابق جوہری منصوبے پر کام کرنا ملکی دفاع کے تناظر میں جائز ہے اور یہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک امریکا کی معاندانہ پالیسیاں جاری ہیں۔